Saturday , September 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / ثانیہ۔ مارٹینا کا ورلڈ ریکارڈ، لگاتار 29 میچز جیتے

ثانیہ۔ مارٹینا کا ورلڈ ریکارڈ، لگاتار 29 میچز جیتے

ہند۔ سوئس جوڑی سڈنی انٹرنیشنل کے فائنل میں داخل ۔ 11 ویں ٹائٹل کی سمت گامزن

سڈنی ، 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی ثانیہ مرزا اور اُن کی سوئس پارٹنر مارٹینا ہنگس نے آج 22 سالہ ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا جب وہ اپنا لگاتار 29 واں ویمنس ڈبلز میچ جیت کر یہاں جاری ڈبلیو ٹی اے سڈنی انٹرنیشنل کے ویمنس ڈبلز فائنل میں داخل ہوگئیں۔ عالمی نمبر 1 جوڑی نے سخت مسابقت والے سیمی فائنل میں پچھڑنے کے بعد واپسی کرتے ہوئے رومانیائی رالوکا اولارو اور قازقستان کی یاروسلاوا شویدوا کو 4-6، 6-3، 10-8 سے شکست دی۔ انھوں نے اب پورٹو ریکو کی گیگی فرنانڈیز اور بیلاروس کی نتاشا زویروا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جنھوں نے 1994ء میں اپنی کامیاب جوڑی کے ساتھ لگاتار 28 میچز جیتے تھے۔ ہند۔ سوئس جوڑی نے 2015ء سے اپنا عمدہ مظاہرہ جاری رکھا ہوا ہے جس میں وہ 9 خطابات جیت چکے ہیں جن میں ومبلڈن، یو ایس اوپن اور سال کے اختتامی ڈبلیو ٹی اے فائنلس شامل ہیں۔ 2016ء کی شروعات بھی شاندار رہی جبکہ وہ اب مسلسل دوسرے فائنل تک پہنچ گئے ہیں۔ انھوں نے گزشتہ ہفتے برسبین انٹرنیشنل جیتا تھا۔ اب فائنل میں جیت اُن کا آپس میں مل کر 11 واں ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل ثابت ہوگا۔ آج کا سیمی فائنل اچھی مسابقت والا معاملہ رہا جو ایک گھنٹہ اور 31 منٹ چلا۔ دونوں ٹیموں نے تین، تین بریکس کا تبادلہ کیا لیکن اولارو۔ شویدوا جوڑی نے اپنی حریفوں کو چوتھی مرتبہ بریک کرتے ہوئے پہلا سٹ 6-4 کے فرق سے جیتا۔ ایک سٹ سے پچھڑنے کے بعد ثانیہ۔ مارٹینا جوڑی نے طاقتور واپسی کرتے ہوئے اپوزیشن کی سرویس کو دو مرتبہ بریک کیا اور اپنی فرسٹ سرویس پر زبردست 76 فیصدی پوائنٹس بھی جیتے، جس کی مدد سے انھیں دوسرے سٹ میں 6-3 کی کامیابی ملی۔ سوپر ٹائی بریک میں دونوں جوڑیوں نے اچھا کھیلتے ہوئے اپنے سرویس پوائنٹس بچائے مگر اولارو۔ شویدوا جوڑی نازک مرحلے پر ڈبل فالٹ کربیٹھی، جس پر میچ فیصلہ کن انداز میں ثانیہ۔ مارٹینا کے حق میں چلا گیا!

TOPPOPULARRECENT