Sunday , August 20 2017
Home / Top Stories / ثانیہ جوڑی کوارٹر فائنل میں داخل ، سائنا اور سریکانت کی بھی پیشقدمی

ثانیہ جوڑی کوارٹر فائنل میں داخل ، سائنا اور سریکانت کی بھی پیشقدمی

Rio de Janeiro: Sania Mirza and Rohan Bopanna exchange hifi during their match against S. Stosur and J. Peers of Australia during the 2016 Summer Olympics at Rio de Janeiro in Brazil on Thursday . PTI Photo by Atul Yadav(PTI8_12_2016_000019B)

ریوڈی جنیرو ۔ 12اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) ریو اولمپکس میں گزشتہ روز ہوئے چند مقابلوں میں نتائج ہندوستان کیلئے بہتر رہے ، جیسا کہ ٹینس میں ہندوستانی کھلاڑی ثانیہ مرزا اور ان کے ساتھی روہن بوپنا نے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ، اسی طرح بیاڈمنٹن میں میڈل کی اُمیدوں کا محور سائنا نہوال نے بھی اپنے پہلے مرحلہ کے مقابلے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ علاوہ ازیں مرد زمرے کے سنگلز مقابلے میں سریکانت نے بھی اپنے پہلے مرحلہ کا مقابلہ آسانی سے عبور کرلیا ہے ۔ ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور ان کے ساتھی کھلاڑی روہن بوپنا نے مکسڈ ڈبلز ایونٹس کے مقابلے میں آسٹریلیائی جوڑی سمتا اسٹوسرس اور جان پیس کو 73 منٹ طویل مقابلے میں 7-5، 6-4 سے شکست دی ۔ ریو اولمپکس میں ہندوستان کیلئے میڈلس کی اُمیدیں ثانیہ ۔ بھوپنا جوڑی سے وابستہ ہیں اور انھیں اولمپکس کے آغاز پر پہلے سٹ میں کافی جدوجہد کرنی پڑی اور انھیں ردھم میں آنے کے لئے کچھ وقت لگا ۔ کامیابی کے بعد میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے خاتون ڈبلس زمرے کی نمبر ایک ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے کہا کہ اولمپکس میں میڈل حاصل کرنا میرے لئے ایک بہت بڑا اعزاز ہوگا کیونکہ اولمپکس کا میڈل میرے پاس نہیں ہے اور میں جانتی ہوں کہ ساتھی کھلاڑی بوپنا کیلئے بھی یہ ایک اہم کامیابی ہوگی ۔ سرد اور ہواؤں کے علاوہ باررا میدان میں مقامی وقت 3:30 بجے مقابلے کا آغاز ہوا کیونکہ اس سے قبل مرد زمرے کے ڈبلس کا سیمی فائنل کسی قدر طویل رہا ۔ ثانیہ جوڑی کے مقابلے کا مشاہدہ کرنے والے شائقین میں لینڈرپیس کے علاوہ وزیر اسپورٹس وجئے گوئل اور اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کے ڈائرکٹر این جیتی سرینواس موجود تھے۔ مقابلے کا آغاز انتہائی مسابقتی انداز میں ہوا اور دونوں ہی ٹیمیں نویں گیم تک اپنی سرویس نہیں گنوائی تھیں لیکن ثانیہ جوڑی نے حریف جوڑی کی سرویس توڑتے ہوئے 5-4 کی سبقت حاصل کرلی تھی

لیکن اگلے ہی گیم میں ثانیہ ۔ بوپنا جوڑی کو اپنی سرویس گنوانی پڑی اور اسکور 5-5 سے برابر رہا ۔ بیاڈمنٹن میں بھی ہندوستان کیلئے نتیجہ بہتر رہا اور لندن اولمپک کی برونز میڈلسٹ سائنا نہوال نے حریف میزبان کھلاڑی وینسنٹے لوہیان کو 39 منٹوں میں 21-17 ، 21-17 سے شکست دی ، لیکن میدان پر ان کے لئے حالات مخالف تھے کیونکہ مقامی شائقین اپنی کھلاڑی کی ہر لمحہ ہمت باندھ رہے تھے ۔ کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے سائنا نے کہا کہ پہلے مرحلہ کا مقابلہ ہمیشہ ہی اہم اور مشکل ثابت ہوتا ہے ۔ نیز مقامی کھلاڑی کے خلاف میدان پر شائقین کے مخالف ہونے سے بھی کھیل پر کسی قدر اثر پڑتا ہے ۔ سائنا نے مزید کہا کہ وینسنٹے کو مقامی ماحول اور شائقین کا فائدہ ضرور حاصل ہوا ۔ عالمی نمبر 5 سائنا نہوال نے کہا کہ ہر مقابلہ سخت ہوتا ہے لیکن خاص کر کسی بڑے ایونٹ میں پہلے مرحلہ کا مقابلہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔انھوں نے مزید کہا کہ کوچ نے مجھے کہا تھا کہ فٹ ورک پر توجہ مرکوز کرنے کے ہمراہ ریالیز پر بھی خاص توجہ مرکوز کروں ۔ بیاڈمنٹن کی عالمی درجہ بندی میں گیارہویں مقام پر فائز ہندوستانی کھلاڑی کڈمبی سریکانت کو خود سے پیچھے رہنے والے میکسیکو کے کھلاڑی لینو مونوز کے خلاف پہلے مرحلے کے مقابلے میں کامیابی کیلئے سخت جدوجہد کرنی پڑی ،41 منٹ طویل اس مقابلے میں سریکانت 85 ویں درجہ پر فائز مونوز کو 21-11 ، 21-17 سے شکست دی ۔ پی وی سندھو بھی اپنے پہلے مرحلے کے مقابلے میں کامیاب رہیں لیکن جوالا گٹہ کے ہمراہ ان کی ساتھی کھلاڑی اشونی پونپا کو خاتون زمرے کے ڈبلز اور مانو اتاری کے ہمراہ وی سمیت ریڈی کو مرد زمرے کے ڈبلز مقابلوں میں شکست برداشت کرنی پڑی ۔ جوالا جوڑی کو عالمی نمبر ایک جاپانی جوڑی آیکا ٹکاشی اور میساکی میاکسوموٹو کیخلاف 15-21 ، 10-21 سے شکست ہوئی ۔

TOPPOPULARRECENT