Wednesday , September 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / ثانیہ کو صدر، وزیراعظم، بالی ووڈ کی مبارکباد

ثانیہ کو صدر، وزیراعظم، بالی ووڈ کی مبارکباد

نئی دہلی ؍ ممبئی ، 14 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے آج ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور اُن کی سوئس پارٹنر مارٹینا ہنگس کو نیویارک میں یو ایس اوپن ویمنس ڈبلز ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد دی۔ صدر نے ٹوئٹ کیا: ’’ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس کو یو ایس اوپن ویمنس ڈبلز جیتنے پر دلی مبارکباد پیش ہے۔‘‘ ثانیہ نے گزشتہ روز ہنگس کے ساتھ یو ایس اوپن ڈبلز میں فتح پائی جب اس ٹاپ سیڈ انڈو۔سوئس ٹیم نے فائنل میں کاسی ڈیلاکا اور یاروسلاوا شویدوا کے چوتھی سیڈ حریفوں کو 6-3، 6-3 سے واضح شکست دے دی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج ثانیہ اور ہنگس کو اس خطابی کامیابی پر مبارکباد دی۔ انھوں نے ٹوئٹ کیا: ’’ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس کو یو ایس اوپن میں غیرمعمولی فتح پر مبارکباد پیش ہے۔ آپ کے کارہائے نمایاں ہم کو فخر فراہم کرتے ہیں۔‘‘ ثانیہ نے اس ٹوئٹ پر اپنے جواب میں کہا، ’’آپ کی نیک تمناؤں کیلئے آپ کا شکریہ ، جناب!‘‘ ادھر ممبئی سے سچن تنڈولکر، امیتابھ بچن، پرینکا چوپڑہ، فرحان اختر اور فرح خان و دیگر نے ثانیہ کو مبارکباد پیش کی، جنھوں نے ہنگس کے ساتھ ومبلڈن کے بعد متواتر دوسری خطابی جیت پائی ہے۔ ثانیہ کے کلکشن میں اب پانچ گرانڈ سلام خطابات ہوگئے ہیں۔ انھوں نے تین مکسڈ ڈبلز ٹروفیاں جیتے، جن کی آخری نیویارک میں ہی 2014ء میں برونو سوریس کے ساتھ درج ہوئی تھی۔

TOPPOPULARRECENT