Sunday , September 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / ثانیہ ۔ مارٹینا جوڑی کا ڈبلیو ٹی اے فائنلس میں کامیاب آغاز

ثانیہ ۔ مارٹینا جوڑی کا ڈبلیو ٹی اے فائنلس میں کامیاب آغاز

سنگاپور ۔ 27اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) عالمی نمبر ایک جوڑی ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس کی کامیاب مہم کا سلسلہ ہنوز جاری ہے جیسا کہ سال کے اختتام پر کھیلے جانے والے اہم ٹورنمنٹ ڈبلیو ٹی اے فائنلس جس کی انعامی رقم 7 ملین امریکی ڈالرس ہے ، اس میں کامیاب آغاز کیا ہے ۔ ثانیہ ۔ مارٹینا جوڑی جس نے پہلے ہی رواں سیزن آٹھ خطابات حاصل کرچکی ہیں اس نے پہلے مرحلے کے مقابلے میں امریکی جوڑی رائیکل کوپس اور ابھیگیل اسپیس کو راست سٹوں میں بہ آسانی 6-4، 6-2 سے شکست دی ہے ۔

سنگاپور کے انڈور اسٹیڈیم میں ہارڈ کورٹ پر کھیلے جانے والے اس ٹورنمنٹ میں سیزن کے اختتام پر درجہ بندی کے ابتدائی 8 مقامات پر موجود رہنے والے کھلاڑیوں کے درمیان راؤنڈ رابن طرز پر مقابلے ہوتے ہیں ۔ ثانیہ جوڑی کو صرف ایک بریک پوائنٹ کی ضرورت تھی تاکہ وہ مقابلے میں سبقت حاصل کرسکے اور یہ اسے مقابلے کے آغاز پر ہی حاصل ہوا ۔ دوسرے سٹ میں ثانیہ جوڑی کا آغاز بہتر نہیں تھا اور اسے پہلے چھ بریک پوائنٹس کو محفوظ کرنا پڑا جس کے بعد اس جوڑی نے امریکی جوڑی کی دو مرتبہ سرویس توڑتے ہوئے مقابلے میں کامیابی حاصل کرلی ۔ ثانیہ مرزا گزشتہ برس یہ ٹورنمنٹ زمبابوے کی ساتھی کھلاڑی کارا بلیک کے ہمراہ حاصل کیا ہے ۔ ثانیہ جوڑی جو نہ صرف خاتون زمرے میں ڈبلز کی نمبر ایک جوڑی ہے بلکہ دونوں ہی کھلاڑی انفرادی درجہ بندی میں بھی بہتر مقام رکھتی ہیں۔ ثانیہ مرزا اور ان کی سوئیٹزرلینڈ کی ساتھی کھلاڑی مارٹینا ہنگس رواں ٹورنمنٹ کے دوسرے مرحلے میں چیک جمہوریہ کی لوسی ہراڈیک اور اینڈریا ہالوبوک سے مقابلہ کریں گی ۔ یاد رہے رواں سیزن ثانیہ جوڑی نے انڈین ویلس ، میامی ، چارلسٹن ، ومبلڈن ، یو ایس اوپن ، گانگزو، ووہان اور چائنا اوپن خطابات حاصل کئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT