Wednesday , August 16 2017
Home / سیاسیات / جئے للیتا کے قلمدان پنیر سیلوم کے حوالے

جئے للیتا کے قلمدان پنیر سیلوم کے حوالے

وزارت اعلیٰ کی طرف سے مشورہ پر گورنر ٹاملناڈو کا اقدام
چینائی ۔ /11 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ جئے للیتا /22 ستمبر سے بدستور اسپتال میں زیرعلاج ہیں ، گورنر ٹاملناڈو سی ایچ ودیا ساگر راؤ نے آج ان کے قلمدانوں کو وزیر فینانس او پنیر سیلوم کے حوالے کیا لیکن کہا کہ آل انڈیا انا ڈی ایم کے سربراہ چیف منسٹر برقرار رہیں گی ۔ راج بھون کے جاری کردہ صحافتی بیان میں بتایا گیا کہ دستور ہند کے آرٹیکل 166 کے فقرے (3) کے تحت گورنر ٹاملناڈو نے ان امور کو جو اب تک چیف منسٹر جئے للیتا سنبھالی ہوئی تھیں ، او پنیر سیلوم کی ذمہ داری میں سونپ دیا ہے ۔ پنیر سیلوم جن کے پاس انتظامی اصلاحات کا قلمدان پہلے سے فینانس کے علاوہ موجود ہے ، وہ اب کابینی اجلاسوں کی صدارت بھی کریں گے ۔ یہ انتظام وزارت اعلیٰ کی طرف سے مشورہ کی مطابقت میں کیا گیا ہے اور اس وقت تک کارکرد رہے گا جب تک کہ چیف منسٹر جئے للیتا اپنے فرائض کی انجام دہی بحال نہیں کرلیتی ۔ 68 سالہ جئے للیتا کو تیز بخار اور بدن میں پانی کی کمی ہوجانے کی شکایت پر /22 ستمبر کو اپولو ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا ۔ گزشتہ روز دواخانہ کی طرف سے بتایا گیا کہ چیف منسٹر ہنوز زیرعلاج ہیں اور ماہر ڈاکٹروں کا پیانل ان کی صحت پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

جیہ للیتا کی صحت کے بارے میں افواہ پھیلانے پر 43 کیسس درج
چینائی۔/11اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) پولیس نے ہاسپٹل میں زیر علاج چیف منسٹر جیہ للیتا کی صحت کے بارے میں سماجی میڈیا پر شرانگیز اور گمراہ کن مواد پیش کرنے پر 43 کیسیس درج کرتے ہوئے 2افراد کو گرفتار کرلیا اور یہ انتباہ دیا ہے کہ جیہ للیتا کی صحت کے متعلق یافواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس نے ایک اعلامیہ میں بتایا کہ گمراہ کن مہم چلانے پر 43کیسس درج کرلئے گئے ہیں اور ان کیسوں کی تحقیقات اور قصورواروں کی نشاندہی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور یہ جرم قابل گرفت اور 7سال کی قید بامشقت ہوسکتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT