Sunday , September 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / جئے وردھنے انگلینڈ کے کنسلٹنٹ کوچ مقرر

جئے وردھنے انگلینڈ کے کنسلٹنٹ کوچ مقرر

لندن ، 17 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے لجنڈ کرکٹر مہیلا جئے وردھنے کو انگلینڈ نے اپنا کنسلٹنٹ کوچ مقرر کیا ہے۔ انگلش بیٹسمن ایان بیل کا کہنا ہے کہ جئے وردھنے کنسلٹنٹ کوچ کی حیثیت سے ٹیم کے ریکارڈ کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کر سکتے ہیں۔ جئے وردھنے پاکستان کے خلاف ابوظہبی میں 13 اکتوبر سے شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز کیلئے انگلش ٹیم کی رہنمائی کریں گے۔ 33 سالہ بیل نے جئے وردھنے کی تقرری کو انگلش ٹیم کیلئے ’بہترین‘ قرار دیا۔ بیل نے کہا: ’’جس چیز کو ہم بہتر کرنا چاہتے ہیں وہ برصغیر میں بہترین ہوتی ہے اور وہ اب تک کے بہترین بیٹسمن ہیں۔‘‘ انھوں نے کہا کہ جئے وردھنے کی وجہ سے انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف ٹسٹ سیریز میں اڈوانٹیج حاصل ہو گا۔ انھوں نے مزید کہا: ’’میں جئے وردھنے کے دماغ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہوں گا اور اپنے کھیل میں مزید بہتری لانے کی پوری کوشش کروں گا۔‘‘ انگلینڈ 2012ء میں پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں منعقدہ  سیریز 3-0 سے ہارا تھا۔ تاہم بیل کو امید ہے کہ اس بار انگلینڈ کے پاس زیادہ بہتر متبادل ہیں کیونکہ ایلکس ہیلز یا معین علی انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز کر سکتے ہیں۔ انگلش بیٹسمن کے بقول: ’’میرے تجربے کے مطابق متحدہ عرب امارات میں آپ کو لچکدار ہونا پڑتا ہے، آپ کو وہاں مختلف کرکٹ کھیلنی ہوتی ہے۔‘‘ خیال رہے کہ 38 سالہ جئے وردھنے سری لنکا کی جانب سے 149 ٹسٹ میچوں میں 11,814 اور 448 ایک روزہ میچوں میں 12,650 رنز بنا چکے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT