Wednesday , September 20 2017
Home / ہندوستان / جادھو کیس ‘ بین الاقوامی عدالت میں آج سماعت

جادھو کیس ‘ بین الاقوامی عدالت میں آج سماعت

نئی دہلی 14 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی شہری کلبھوشن جادھو کے مسئلہ پر ہندوستان و پاکستان کے مابین کل ہیگ کی بین الاقوامی عدالت انصاف میں آمنا سامنا ہوگا ۔ دونوں ملکوں کے مابین یہاں 18 سال قبل ایک قانونی لڑائی ہوئی تھی جب اسلام آباد نے اپنی بحریہ کے طیارہ کو مار گرائے جانے کے مسئلہ پر عدالت سے مداخلت کی خواہش کی تھی ۔ کل اس عدالت میں دونوں ملکوں سے کہا جائیگا کہ وہ کلبھوشن جادھو کے مسئلہ پر اپنے اپنے موقف کو پیش کریں۔ ہندوستان نے 8 مئی کو اقوام متحدہ سے تعلق رکھنے والے اس ادارہ میں ایک درخواست پیش کرتے ہوئے 46 سالہ کلبھوشن جادھو سے انصاف کی استدعا کی تھی اور یہ الزام عائد کیا گیا تھا کہ پاکستان کی جانب سے اس معاملہ میں ملزم تک رسائی فراہم کرنے سے انکار کرتے ہوئے وینا کنونشن کی خلاف ورزی کی گئی ہے ۔ ہندوستان اب تک پاکستان سے 16 مرتبہ خواہش کرچکا ہے کہ کلبھوشن جادھو تک قونصل جنرل کے ذریعہ رسائی دی جائے تاہم پاکستان نے مسلسل اس سے انکار کیا ہے ۔ پاکستانی فوجی عدالت نے جادھو کو گذشتہ مہینے سزائے موت سنائی تھی ۔ اس پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ جاسوسی اور تخریب کار سرگرمیوں میں ملوث ہے ۔ پاکستان نے جادھو کے افراد خاندان کی جانب سے پیش کردہ ویزا کی درخواست پر بھی کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے ۔ جادھو کو گذشتہ سال 3 مارچ کو گرفتار کیا گیا تھا ۔ ہندوستان کا ادعا ہے کہ اسے ایران سے اغوا کیا گیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT