Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / جاریہ سال کے اقلیتی بہبود کے بجٹ اجرائی و خرچ کی تیاری پر مشاورت

جاریہ سال کے اقلیتی بہبود کے بجٹ اجرائی و خرچ کی تیاری پر مشاورت

محکمہ فینانس سے بجٹ اجرائی میں تاخیر پر اسکیمات میں رکاوٹ، سکریٹری اقلیتی بہبود کا غوروخوض
حیدرآباد۔/23جنوری، ( سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے جاریہ سال بجٹ کی اجرائی اور خرچ کے علاوہ آئندہ مالیاتی سال کیلئے اقلیتی بہبود کے بجٹ کی تیار کے سلسلہ میں اقلیتی اداروں کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے تمام اقلیتی اداروں کو ابھی تک جاری کردہ بجٹ اور اس کے خرچ کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں تاکہ مابقی بجٹ کی اجرائی کیلئے حکومت سے نمائندگی کی جاسکے۔ محکمہ فینانس سے بجٹ کی اجرائی میں تاخیر کے سبب کئی اقلیتی اسکیمات پر عمل آوری میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اسکیمات کیلئے استفادہ کنندگان کا انتخاب مکمل کرلیا گیا تاہم محکمہ فینانس سے بجٹ کی اجرائی کا انتظار ہے۔ انہوں نے مختلف اسکیمات کیلئے درکار بجٹ کی تفصیلات سکریٹری کو پیش کی ہیں۔ سید عمر جلیل ان تفصیلات کے ساتھ محکمہ فینانس اور چیف منسٹر کے دفتر سے رجوع ہوں گے تاکہ مالیاتی سال کے اختتام سے قبل اقلیتی بہبود کا مکمل بجٹ جاری ہوسکے۔ چیف منسٹر نے مکمل بجٹ کی اجرائی کا تیقن دیا تھا تاہم بتایا جاتا ہے کہ مجموعی طور پر 60فیصد بجٹ جاری ہوا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود آئندہ مالیاتی سال اقلیتی بہبود کے بجٹ میں اضافہ کی کوشش کررہے ہیں تاکہ بعض نئی اسکیمات کو شامل کیا جاسکے۔ اقلیتی اداروں کے عہدیداروں نے سکریٹری کو درکار بجٹ کی تجاویز پیش کردی ہے۔ چیف منسٹر کی منظوری کے بعد آئندہ سال کے بجٹ میں اضافہ کا فیصلہ کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT