Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / جانوروں کی منتقلی کے دوران شرانگیزی پر پولیس کا انتباہ

جانوروں کی منتقلی کے دوران شرانگیزی پر پولیس کا انتباہ

بڑے جانور سے متعلق سرٹیفکٹ کا لزوم نہیں۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون کی وضاحت

حیدرآباد 17 ستمبر (سیاست نیوز) عیدالاضحی کے موقع پر بڑے جانوروں کی منتقلی سے متعلق عوام میں جاری اُلجھن کو دور کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا نے آج واضح طور پر بتایا ہے کہ بیلوں کو منتقل کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے اور اس کے لئے کسی بھی قسم کا وٹرنری لازمی نہیں ہے۔ مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ شرپسند عناصر اور بنیاد پرست تنظیموں کی جانب سے بڑے جانوروں کی منتقلی کے دوران کسی بھی قسم کی شرانگیزی پر سخت کارروائی کی جائے گی اور پولیس اس سلسلہ میں اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ انسداد ذبیحہ گاؤکشی قانون کے تحت گایوں اور بچھڑوں کی منتقلی پر پابندی رہے گی اور اس کے لئے ساؤتھ زون میں 7 چیک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ عوام اور بڑے جانوروں کی تاجرین اُلجھن کا شکار نہ ہوں کیوں کہ پولیس بیلوں کی منتقلی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کرے گی اور اس سلسلہ میں چیک پوسٹ پر متعین کئے گئے پولیس عہدیداروں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں۔ مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا ہے کہ بعض افراد کی جانب سے یہ افواہ پھیلائی گئی تھی کہ بیلوں کی منتقلی کے لئے بھی وٹرنری ڈاکٹر کا سرٹیفکٹ لازمی ہے۔ ان افواہوں کے پیش نظر دیہی علاقوں میں وٹرنری ڈاکٹرس کے سرٹیفکٹ حاصل کرنے کے لئے بڑے جانوروں کے تاجرین تشویش کا شکار ہیں اور بڑے جانور فروخت کرنے والے کسان بھی پریشان ہیں۔ وٹرنری سرٹیفکٹ کی جانچ پڑتال پولیس کے ذمہ نہیں ہے کیونکہ محکمہ بلدیہ اس کا ذمہ دار ہے اور محض پولیس گائے کی منتقلی کی روک تھام کے لئے ضروری کارروائی کرے گی۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون نے بتایا ہے کہ شرپسند عناصر اور بنیاد پرست تنظیموں کی جانب سے بڑے جانوروں کی منتقلی کے مسئلہ کو لے کر ہنگامہ آرائی کرنے اور قانون ہاتھ میں لینے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ اُنھوں نے بتایا کہ شرپسند ٹولیوں کی نشاندہی کے لئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور چیک پوسٹ پر کسی بھی قسم کی شرپسندی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اُنھوں نے بتایا کہ چیک پوسٹ پر تعینات پولیس عملہ کو کسی بھی قسم کی رشوت خوری میں ملوث نہ ہونے کا انتباہ دیا ہے اور عوام کو بھی یہ مشورہ دیا ہے کہ وہ جانوروں کی منتقلی کے دوران پولیس یا کسی بھی شخص کو رشوت نہ دیں۔ بڑے جانوروں کی منتقلی کے دوران دشواریاں پیش آنے پر ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا سے اُن کے موبائیل فون نمبر 9490616476 پر راست طور پر ربط کیا جاسکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT