Sunday , September 24 2017
Home / اضلاع کی خبریں / جان لیوا امراض کی روک تھام کیلئے ٹیکہ اندازی جاری

جان لیوا امراض کی روک تھام کیلئے ٹیکہ اندازی جاری

نلگنڈہ میں شعور بیداری کیلئے گھر گھر مہم کا انعقاد

نلگنڈہ۔ 24 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مہلک و جان لیوا امراض کی روک تھام کیلئے ضلع نظم و نسق کی جانب سے 9 تا 15 برس کے بچوں کو خسرہ اور روبیلا ٹیکہ اندازی پروگرام بڑے پیمانے پر چلایا جارہا ہے۔ تمام سرکاری و خانگی مدارس میں خصوصی کیمپوں کا انعقاد کرتے ہوئے بچوں میں ٹیکہ اندازی کی جارہی ہے۔ محکمہ صحت و طبابت کی جانب سے آنگن واڑی سنٹروں اور عوامی مقامات کے ساتھ ساتھ گھر گھر پہنچ کر ٹیکہ اندازی کرتے ہوئے مہلک امراض کے مضر اثرات سے محفوظ رہنے کیلئے احتیاط برتنے سے متعلق سرپرستوں میں شعور بیدار کیا جارہا ہے۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے سنیما گھروں میں بھی تشہیر کی جارہی ہے۔ جاریہ ماہ کی 17 تا 23 ستمبر تک چلائی جانے والی خسرہ اور روبیلا ٹیکہ مہم میں ضلع کے تمام علاقوں کا احاطہ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔ اس خصوص میں آج ضلع مستقر کے رحمت نگر میں واقع صفاء پبلک اسکول میں کرسپانڈنٹ مولانا محمد اسمعیل شریف کی نگرانی میں ٹیکہ اندازی کی گئی۔ اسی طرح رحمت عالم اردو ہائی اسکول میں ڈاکٹر ذاکر حسین، ڈاکٹر سنجیو پانڈے یونیسیف ، ڈاکٹر وشوا جیوتی، ڈاکٹر وجئے کمار ڈاکٹر ریشماں شیرین محکمہ صحت و طبابت کے عہدیدار جناب سید رفیع کے علاوہ اسکول کرسپانڈنٹ اور اساتذہ کی موجودگی میں زائد از 180 طلباء و طالبات کو ٹیکے دیئے گئے۔ مولانا سید احسان الدین قاسمی نے بھی والدین و سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو مہلک و جان لیوا امراض سے بچانے کیلئے خسرہ اور روبیلا ٹیکہ دلوائیں۔

TOPPOPULARRECENT