Thursday , September 21 2017
Home / Top Stories / جدوجہد آزادی کا دہشت گردی سے تقابل غلط ‘ نواز شریف

جدوجہد آزادی کا دہشت گردی سے تقابل غلط ‘ نواز شریف

اسلام آباد 10 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مسئلہ کشمیر پر ہندوستان کو ایک بار پھر نشانہ بناتے ہوئے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف نے آج کہا کہ اگر ہندوستان کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کا دہشت گردی سے تقابل کرتا ہے تو وہ غلط ہوگا ۔ انہوں نے حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کو کشمیری عوام کا فخر قرار دیا ۔ نواز شریف نے اپنی پاکستان مسلم لیگ سنٹرل ورکنگ کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہندوستان یہ سمجھتا ہے کہ آزادی کی جدوجہد کا دہشت گردی سے تقابل کیا جاسکتا ہے تو وہ غلط ہے ۔ نواز شریف نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اور پاکستان ان کی تائید کا سلسلہ جاری رکھے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ماہ جولائی میں ہلاک کیا گیا برہان وانی ایک مجاہد آزادی تھا اور وہ کشمیری عوام کا فخر ہے ۔ کوئی بھی اس فخر سے محروم نہیں کرسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ‘ کشمیری کاز کا پابند ہے ۔ دنیا میںکوئی بھی طاقت ہمیں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی تائید کرنے سے نہیں روک سکتی ۔ نواز شریف نے یہ ریمارکس ایسے وقت میں کئے ہیں جبکہ ہندوستان و پاکستان کے مابین تعلقات انتہائی کشیدہ ہوگئے ہیں اور اوری حملے کے بعد ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے سرجیکل حملے کئے ہیں۔ نواز شریف نے گذشتہ ہفتے کابینی اجلاس میں اور پھر پارلیمنٹ کے مشترکہ سشن میں بھی اس مسئلہ کا جائزہ لیا تھا ۔ وہ مسلسل مخالف ہند بیانات دیتے جا رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT