Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / جدہ میں رشتوں کے انتخاب پر دو بہ دو پروگرام کا آغاز

جدہ میں رشتوں کے انتخاب پر دو بہ دو پروگرام کا آغاز

سیاست وایم ڈی ایف سے تعاون کا تیقن ، جناب عابد صدیقی و جناب سیادت علی خاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جون : ( دکن نیوز ) : سرزمین عرب کے مقام جدہ میں مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیاں طئے کرنے کے سلسلہ میں والدین کے لیے دو بہ دو ملاقات پروگرام کا آغاز کیا گیا ۔ اس سلسلہ کا پہلا پروگرام رمضان المبارک سے قبل جدہ کی ’ ہوٹل شاداب ‘ میں منعقد کیا گیا ۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جدہ میں مقیم حیدرآبادی والدین کی بڑی تعداد نے پروگرام میں شریک ہوئیں ۔ تلنگانہ یونائٹیڈ فورم ( جدہ ) کے زیر اہتمام منعقدہ پروگرام کی صدارت جناب سیادت علی خاں صدر فورم نے کی ۔ جناب عابد صدیقی صدر مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم حیدرآباد بحیثیت مہمان خصوصی شریک تھے ۔ جناب عابد صدیقی نے جدہ میں دو بہ دو ملاقات پروگرام کے آغاز پر تلنگانہ یونائٹیڈ فورم جدہ کے ذمہ داروں کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ رشتوں کے انتخاب کے سلسلہ میں کی جانے والی کوشش مستقبل میں ثمر آور ثابت ہوں گی ۔ انہوں نے سیاست اور ایم ڈی ایف کی جانب سے بھر پور تعاون کا یقین بھی دلوایا ۔ جناب سیادت علی خاں نے کہا کہ حیدرآباد میں سیاست اور ایم ڈی ایف کے تعاون سے دو بہ دو ملاقات پروگرام منعقد ہورہے ہیں ۔ اس سے تحریک حاصل کرنے پر یہاں بھی رشتوں کے اہم ترین مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ جس کے لیے جدہ میں بھی اور مختلف اصحاب اور تنظیموں کا بھر پور تعاون حاصل ہے ۔ مقررین نے یہ بھی کہا کہ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست ، جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر سیاست کی دلچسپی کی وجہ سے شہر حیدرآباد میں ہی نہیں تلنگانہ کے اضلاع میں بھی اس منظم تحریک کے ذریعے جہیز کی مانگ ، فضول خرچی ، لین دین ، رسومات کے خلاف مسلم رائے عامہ کو ہموار کیا گیا ہے جس کے نتائج مستقبل میں اور اب بھی اطمینان بخش ہیں ۔ جناب بدر الدین احمد یزدانی ، لیاقت علی خاں ، علیم الدین انصاری ، فاروق احمد ، محمود بالشراف ، محمد مظہر الدین خاں و دیگر اصحاب نے والدین کی رہبری و رہنمائی کی ۔ اس پروگرام میں لڑکوں اور لڑکیوں کے تقریبا 150 رجسٹریشن کروائے گئے ۔ جناب خالد محمود صدیقی ( بزم غلام مصطفی ) سعودی گزٹ ، اردو نیوز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔ تلنگانہ یونائٹیڈ فورم کے اراکین کا والدین نے شکریہ ادا کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT