Thursday , October 19 2017
Home / Top Stories / جدہ میں سیاست اسلامی خطاطی نمائش کی کامیابی میں سفارت خانہ ہند کا اہم رول

جدہ میں سیاست اسلامی خطاطی نمائش کی کامیابی میں سفارت خانہ ہند کا اہم رول

قونصل جنرل محمد نور رحمن شیخ حرکیاتی شخصیت ، میر غضنفر علی ذکی کا انٹرویو
سعودی عرب میں مقیم ہندوستانی باشندے سیاست کی ملی خدمات سے متاثر
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : ہندوستان میں اسلامی فن خطاطی کے احیاء کے لیے روزنامہ سیاست کی جانب سے شروع کردہ تحریک کے غیر معمولی مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ ملک کے تاریخی شہروں بشمول علیگڑھ مسلم یونیورسٹی میں خطاطی کے شہ پاروں کی کامیاب نمائش کے بعد سرزمین سعودی عرب میں جو بلاشبہ اسلامی خطاطی کا مرکز و محور ہے ۔ سیاست اسلامی خطاطی کے فن پاروں کی نمائش کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اس پاک سرزمین پر سیاست اسلامی خطاطی نمائش کا اہتمام نہ صرف سیاست ، ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ، ہمارے شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد بلکہ سارے ہندوستان کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے ۔ قارئین اپ کو بتادیں کہ 30 مارچ تا یکم اپریل جدہ میں واقع کونسلیٹ جنرل آف انڈیا کی پرشکوہ عمارت کے عظیم الشان آڈیٹوریم میں سیاست اسلامی خطاطی نمائش کا اہتمام کیا گیا ۔ اس نمائش کے اہتمام میں سعودی انڈین بزنس نٹ ورک (SIBN) اور اس کے جنرل سکریٹری میر غضنفر علی ذکی کی حرکیاتی شخصیت کا اہم کردار دہا ۔ مسٹر ذکی حیدرآباد کے تاریخی محلہ دارالشفاء سے تعلق رکھتے ہیں ۔ حال ہی میں انہوں نے حیدرآباد کا دورہ کیا ۔ راقم الحروف سے بات چیت میں انہوں نے بتایا کہ سفیر ہند متعینہ سعودی عرب جناب احمد جاوید SIBN کے سرپرست اور قونصل جنرل آف انڈیا جناب محمد نور رحمن شیخ نائب سرپرست ہیں ۔ جہاں تک سیاست اسلامی خطاطی نمائش کے انعقاد کا سوال ہے کونسلیٹ جنرل آف انڈیا نے سعودی انڈین بزنس نٹ ورک کے تعاون و اشتراک سے یہ نمائش منعقد کی تھی ۔ جب کہ ایر انڈیا نے اس نمائش کو اسپانسر کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں جناب غضنفر علی ذکی نے بتایا کہ اس سہ روزہ نمائش کا زائد از 5 ہزار مرد و خواتین نے مشاہدہ کیا ۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ سیاست اسلامی خطاطی نمائش کا مختلف ملکوں کے باشندوں اور سفیروں نے مشاہدہ کیا ۔ جدہ میں مقیم غیر مسلموں نے بھی نہ صرف نمائش کا معائنہ کیا بلکہ منتظمین کی زبردست ستائش بھی کی ۔ جناب میر غضنفر علی ذکی کے مطابق 30 مارچ کو قونصل جنرل ہند برائے جدہ سعودی عربیہ محترم محمد نور رحمن شیخ نے نمائش کا افتتاح انجام دیا ۔ اس موقع پر ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ، منیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں اور دیگر اہم شخصیتیں موجود تھیں ۔ مسٹر ذکی نے جو دہلی میں 17 تا 20 اپریل منعقدہ گلوبل اگزیبیشن آن سرویس میں 24 رکنی سعودی وفد کے ہمراہ آئے ہوئے تھے یہ بھی بتایا کہ دہلی گلوبل اگزیبیشن آن سرویس کا افتتاح صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے انجام دیا ۔ یاد رہے کہ سیاست اسلامی خطاطی نمائش میں نعیم صابری ، فہیم صابری ، لطیف فاروقی ، سید وقار الدین ، محمد مظہر الدین اور نصرت سلطان جیسے خطاط اور آرٹسٹوں کے فن پارے رکھے گئے تھے ۔ جسے ہندوستانی باشندوں کے علاوہ سعودی اور دیگر ملکوں کے باشندوں نے کافی پسند کیا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی عرب میں مقیم ہندوستانی باشندے سیاست اور ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی قومی و ملی خدمات سے کافی متاثر ہیں ۔ وہ چاہتے ہیں کہ سیاست مسلمانوں کی تعلیمی اور معاشی پسماندگی دور کرنے کے لیے جو پروگرامس چلا رہا ہے اسے سارے ملک میں توسیع دی جائے ۔ خاص طور پر شادی بیاہ و دیگر تقاریب میں بیجا اسراف کے انسداد ، سرکاری محکمہ بالخصوص پولیس میں مسلم نوجوانوں کی بھرتیوں ، اسکالر شپس کے حصول میں مسلم طلباء وطالبات کی رہنمائی اور مسابقتی امتحانات میں شرکت کے لیے ان کی تیاری جیسے پروگرامس نے سیاست کو ایک اخبار ہی نہیں بلکہ ملی بیداری کی ایک تحریک میں تبدیل کردیا ہے ۔ جناب غضنفر علی ذکی نے SIBN  کی حوصلہ افزائی کے لیے سفیر ہند متعینہ سعودی عرب محترم احمد جاوید اور قونصلیٹ جنرل محمد نور رحمن شیخ کا بطور خاص شکریہ ادا کیا ۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں 12 فیصد مسلم تحفظات کے لیے نیوز ایڈیٹر سیاست عامر علی خاں کی تحریک کی کامیابی پر سعودی عرب میں مقیم تلنگانہ کے باشندوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT