Thursday , August 17 2017
Home / عرب دنیا / جدہ کی تمام مساجد میں خود کار نگران کار کیمروں کی تنصیب

جدہ کی تمام مساجد میں خود کار نگران کار کیمروں کی تنصیب

جدہ 12 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) جدہ کی تمام نئی اور قدیم بڑی مساجد میں نگران کار کیمرے نصب کئے جائیں گے جو مسجد کے اندرونی اور بیرونی حصوں میں موجود ہوں گے۔ وزارت اسلامی اُمور کی جانب سے جاری کی گئی ہدایت میں یہ بات کہی گئی۔ کیمروں کی تنصیب کے بعد وزارت کے لئے تمام مساجد کی بیرونی اور اندرونی سرگرمیوں پر نظر رکھنا آسان ہوجائے گا۔ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ مساجد میں کسی بھی نوعیت کی انتہا پسند تقاریر اور خطبات نہ ہوں۔ دریں اثناء جدہ میں ڈائرکٹر جنرل برائے اوقاف و مساجد الشمرانی نے بتایا کہ ملک میں مذہبی رواداری کے فروغ کے لئے یہ زائد منصوبہ بند اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ نئے طریقہ کار کے ذریعہ جو دراصل ایک خودکار نظام ہوگا، مساجد میں امام صاحبان کی کارکردگی پر قریب سے نظر رکھی جاسکے گی۔ تقاریر اور خطبات بھی ازخود ریکارڈ ہوجائیں گے اور اُنھیں راست طور پر وزارت کے مانیٹر پر منتقل کردیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT