Tuesday , September 26 2017
Home / جرائم و حادثات / جرائم وحادثات

جرائم وحادثات

فرضی پاسپورٹ کیس ، دہلی میں گرفتار،بنگلہ دیشی کی حیدرآباد منتقلی
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اگست (سیاست  نیوز) اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم نے فرضی پاسپورٹ کیس میں ملوث ایک بنگلہ دیشی کو دہلی میں گرفتار کرکے اسے حیدرآباد منتقل کیا گیا۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس سنٹرل کرائم اسٹیشن مسٹر وی پربھاکر راؤ نے بتایا کہ 14 اگست کو چنچل گوڑہ علاقہ میں ٹاسک فورس کی کارروائی کے دوران گرفتار ہوئے پاکستانی ، بنگلہ دیشی اور میانمار کے باشندوں کے فرضی پاسپورٹ کیس کا اہم ملزم62  نورالحق عرف شیخ نور جسے دہلی پولیس نے حال ہی میں گرفتار کیا تھا، اسے آج حیدرآباد منتقل کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی کی پٹیالہ کوٹ میں پیش کرنے کے بعد ایس آئی ٹی نے شیخ نور کو آج رات حیدرآباد منتقل کیا اور اسے کل عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔ اسی کیس کے ایک اور ملزم میانمار کے باشندے ہاشم عرف شیخ امیر کو لنگم پلی ریلوے اسٹیشن کے قریب گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ دونوں ملزمین کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد ان کی پولیس تحویل کیلئے درخواست داخل کی جائے گی۔
فون کلوننگ ، بینک کھاتوں میں ہیر پھیر ، دو افراد گرفتار
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اگست (سیاست  نیوز) سائبر کرائم پولیس نے دو افرادکو گرفتار کرلیا جو بین ریاستی دھوکہ بازوں کی ٹولی کو موبائیل فون کلوننگ اور بینک کھاتوں میں ہیر پھیر کرنے کیلئے مدد کررہے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ 35 سالہ دبشیش چٹرجی اور جوائے دیپ دتہ متوطن کولکتہ ایک دھوکہ باز جوگیندر شرما کو مختلف بینک کھاتوں کے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے موبائیل فون سمٹ کارڈس  کی کلوننگ میں ملوث تھے۔ گرفتار ملزمین کئی بینک کھاتوں کی تفصیلات یوگیندر شرما کو فراہم کئے جو دھوکہ بازی کے ذریعہ جاریہ سال مئی سکندرآباد میں واقع یونین روڈ ویز کے بینک اکاؤنٹ کھاتہ کو انٹرنیٹ بینکنگ کے ذریعہ ہائیک کرتے ہوئے 10 لاکھ 75 ہزار کی رقم ہڑپ لی۔ پولیس نے مذکورہ افراد کے قبضہ سے چیک بکس ، ڈیبٹ کارڈس اور جعلی ربر اسٹامپس برآمد کرلی ہے اور اس ٹولی کا سرغنہ جوگیندر شرما ہنوز مفرور ہے۔
زیر تعمیر عمارت سے گرنے والا مزدور ہلاک
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اگست (سیاست  نیوز) چنچل گوڑہ علاقہ واقع ایک زیر تعمیر عمارت سے گرکر مزدور فوت ہوگیا۔ انسپکٹر دبیر پورہ مسٹر مٹیا نے بتایا کہ چنچل گوڑہ کھلہ علاقہ میں یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اڈیشہ سے تعلق رکھنے والا 20 سالہ مزدور نریش اتفاقی طور پر عمارت سے گرپڑا۔ اس واقعہ میں نریش کی برسر موقع موت واقع ہوگئی اور پولیس نے نعش کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا ۔ دبیرپورہ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ آج شام پیش آیا اور اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔
مادھاپور میں نامعلوم شخص کا بے رحمانہ قتل
حیدرآباد /24 اگست ( سیاست نیوز ) مادھاپور کے علاقہ میں کل رات ایک نوجوان کا بے رحمانہ انداز میں قتل کردیا گیا ۔ پہلے اس نوجوان کی شناخت نہیں ہوپائی تھی ۔ تاہم مادھاپور پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد اس نوجوان کی شناخت کرلی ۔ مادھاپور انسپکٹر مسٹر نرسملو نے بتایا کہ 22 سالہ محمد عقیل جو پیشہ سے پینٹر تھا ۔ بورا بنڈہ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ عقیل کو کل رات نامعلوم افراد نے آٹو میں جوبلی ہلز لے گئے اور مادھاپور کے علاقہ میں اس کا قتل کردیا گیا ۔ انسپکٹر نے بتایا کہ عقیل کے قتل میں شاہ رخ ، افضل ، آصف اور دیگر کے مبینہ رول پر شبہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔
مالی تنگدستی پر اقدام خودکشی کرنے والے کی موت
حیدرآباد /24 اگست ( سیاست نیوز ) گھٹکیسر پولیس حدود میں ایک شخص نے مالی پریشانیوں سے تنگ آکر خودکشی کرلی ۔ پولیس کے مطابق 39 سالہ سنتوش کمار جو پیشہ سے کسان تھا ۔ ایدولہ آباد علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ 17 اگست کو اس شخص نے نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا ۔ جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج کل رات اس شخص کی موت ہوگئی ۔ پولیس کے مطابق کمار مالی پریشانیوں کا شکار تھا ۔
اقدام خودسوزی کرنے والی خاتون کی موت
حیدرآباد /24 اگست ( سیاست نیوز ) بے روزگار شوہر کی لاپرواہی اور مالی پریشانوں سے تنگ آکر ایک خاتون نے خودسوزی کرلی ۔ تکارام گیٹ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 34 سالہ شیوا لکشمی نامی خاتون نے 20 اگست کو خودسوزی کرلی ۔ جس کی کل رات علاج کے دوران ہاسپٹل میں موت ہوگئی ۔ لکشمی اڈہ گٹہ علاقہ کے ساکن راجو کی بیوی تھی ۔ راجو بے روزگار تھا اور گھر کے معاملہ میں لاپرواہ تھا ۔ شوہر کی لاپرواہی اور مالی پریشانوں سے تنگ آکر لکشمی یہ اقدام کیا تھا ۔
غیر قانونی گڑمبہ کی فروختگی پر ایک شخص گرفتار
حیدرآباد  /24 اگست ( سیاست نیوز ) مائیلاردیوپلی پولیس نے غیر قانونی طور پر گڑمبہ فروخت کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ۔ جو اپنے مکان میں غیر قانونی طور پر گڑمبہ کے پیاکٹس تقسیم کر رہا تھا ۔ انسپکٹر مائیلاردیوپلی پٹرولنگ پارٹی کے مطابق 45 سالہ پاشاہ نامی شخص کو گرفتار کرلیا گیا جو وینکٹیشورا کالونی کاٹے دھن میں گڑمبے کے پیاکٹسفروخت کر رہا تھا ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 150 پیاکٹس کو ضبط کرلیا اور خاطی کو عدالتی تحویل میں دے دیا گیا ۔
لاپتہ شخص کی نعش برآمد
حیدرآباد /24 اگست ( سیاست نیوز ) الوال پولیس نے پراسرار طور پر لاپتہ ایک شخص کی نعش کو حشمت پیٹ کے تالاب سے برآمد کرلیا ہے ۔ الوال پولیس کے مطابق 38 سالہ پنٹیا جو وارثی گوڑہ علاقہ کا ساکن تھا ۔ 22 اگست کو یہ شخص اپنے مکان سے نکلا تھا ۔ جو واپس نہیں لوٹا ۔ الوال پولیس نے ایک اطلاع پر حشمت پیٹ کے تالاب سے اس شخص کی نعش کو برآمد کرلیا ہے ۔
سڑک حادثات میں زخمی شخص ہلاک
حیدرآباد /24 اگست ( سیاست نیوز ) سکندرآباد کے علاقہ ماریڈپلی میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک شخص فوت ہوگیا ۔ جو خانگی بس کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا تھا ۔ ماریڈ پلی پولیس کے مطابق 65 سالہ وینکٹیش جو ریٹائرڈ ملازم تھا ۔ کوکٹ پلی علاقہ میں رہتا تھا ۔ یہ شخص 21 اگست کو موٹر سائیکل پر ماریڈپلی علاقہ سے گذر رہا تھا کہ خانگی بس کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔

TOPPOPULARRECENT