Sunday , August 20 2017
Home / دنیا / جرمنی کا تارکین وطن کیلئے چھ ارب یورو کا فنڈ

جرمنی کا تارکین وطن کیلئے چھ ارب یورو کا فنڈ

برلن ۔7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جرمنی کی اتحادی حکومت نے تارکینِ وطن کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے چھ ارب یورو پر مشتمل فنڈز جاری کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ جرمن چانسلر انجیلا مرکل تارکینِ وطن کے لیے ملکی سرحدوں کو کھولنے کے فیصلے پر تنقید کی زد میں ہیں۔ خیال رہے کہ جرمنی، آسٹریا اور ہنگری کی جانب سے پناہ گزینوں کے لیے موجود قوانین کو نرم کرنے کے معاہدے کے بعد گذشتہ ہفتے کے اختتام پر 18 ہزار افراد نے جرمنی کی سرحد عبور کی۔ تاہم آسٹریا کے چانسلر ورنر فیمن نے کہا ہے کہ ایمرجنسی میں کیے جانے والے ان اقدامات کو ختم کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا ہے کہ ان کا ملک مرحلہ وار بنیادوں پر معمول کی صورت حال پر لوٹے گا۔ خیال رہے کہ ہنگری نے پناہ گزینوں کے مغربی یورپ میں داخلے کو بند کر رکھا تھا تاہم گذشتہ جمعے کو یہ پابندی ہٹا دی گئی۔ جرمن چانسلر نے اتحادی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے بعد اضافی فنڈز کا اعلان کیا۔ جرمنی حکومت تین ارب یورو وفاقی ریاستوں اور مقامی کونسلوں کو دے گی۔ جبکہ باقی مزید تین ارب یورو وفاقی سطح پر ہونے والے پروگراموں کی مد میں خرچ کیے جائیں گے۔ ان منصوبوں میں تارکینِ وطن کو جگہ دینے کے لیے قائم مراکز میں اضافہ، موسمِ سرما کے لیے انتظامات، تارکینِ وطن کے لیے نقد رقم وغیرہ شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT