Thursday , October 19 2017
Home / شہر کی خبریں / جسمانی صحت اور دماغی سکون کے لیے روزانہ ورزش لازمی

جسمانی صحت اور دماغی سکون کے لیے روزانہ ورزش لازمی

بیماریوں سے نجات کا ذریعہ اور صحت مند زندگی کی حفاظت ، اردو گھر میں صحت کیمپ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( راست ) : جناب باقر مرزا جوائنٹ ڈائرکٹر نیوز دور درشن کیندر گوہاٹی نے مرد و خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ جسمانی صحت اور دماغی سکون کے حصول کے لیے ہر روز ورزش کریں جن سے کئی بیماریوں سے نجات بھی حاصل کرسکتے ہیں اور صحت مند زندگی گزار سکتے ہیں ۔ جناب باقر مرزا ادارہ سیاست اور ایم ڈی ایف کی جانب سے منعقدہ حفظان صحت فری کیمپ کا اردو گھر مغل پورہ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ حکیم سید غوث الدین سابق مشیر یونانی حکومت آندھرا پردیش نے صدارت کی ۔ جلسہ کا آغاز حافظ قاری بابا شرف ا لدین حسامی کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ جناب باقر مرزا نے مزید کہا کہ پانچ وقت کی نماز پابندی سے پڑھیں ، نماز پڑھنے سے ہم کئی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں ۔ ماہر فزیکل فٹنس جناب محمد ابراہیم جیلانی نے مختلف بیماریوں کا علاج جسمانی ورزش کے ذریعے عملی مظاہرہ کرتے ہوئے بتایا جس میں موٹاپا ، گیس ، شوگر کی بیماری ، جوڑوں کا درد اور عورتوں کے اندرونی بیماریوں کو کونسے اکسائز کرنے سے مرض دور ہوتا ہے اس کے علاوہ نماز کو سکون سے پڑھنے سے ہر عضو میں جو فائدے ہوتے ہیں بتایا ۔ محترمہ فہمیدہ بیگم اہلیہ جناب محمد ابراہیم جیلانی نے جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ حضور ؐنے پیٹ میں معدہ کے چار حصے بتائے ہیں جس میں دو حصوں کو غذا کے لیے ایک حصہ پانی کے لیے اور ایک حصہ خالی رکھنے کا مشورہ دیا تاکہ پیٹ کی کوئی بیمار پیدا نہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین صبح میں جسمانی ورزش کریں اور نمازوں کی پابندی کرنے کا مشورہ دیا ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی اور جناب ابراہیم جیلانی اور محترمہ فہمیدہ بیگم کی شال پوشی اور گلپوشی جناب محمد خواجہ نے کی ۔ حکیم سید غوث الدین سابق مشیر یونانی حکومت آندھرا پردیش نے طب نبویؐ کی روشنی میں صحت مند زندگی گزارنے کے لیے حضورؐ کے بتائے گئے ادویات ، احتیاطی تدابیر اور حفظان صحت کا تفصیلی ذکر کیا اور صحت مند زندگی گزرانے کے لیے ہر روز ورزش کرنے کا عوام الناس کو مشورہ دیا ۔ انہوں نے اس موقع پر ماہر فزیکل فٹنس جناب محمد ابراہیم جیلانی اور ان کی اہلیہ محترمہ فہمیدہ بیگم کی طبی خدمات خاص طور پر ہر روز جسمانی ورزش کی کلاسیس کا مختلف مقامات پر منعقد کرنے پر زبردست خراج تحسین ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی خدمات سے مرد و خواتین اپنی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے استفادہ حاصل کریں گے ۔ جناب محمد عبدالقدیر کارگذار صدر ایم ڈی ایف کے علاوہ جناب تجمل اظہر ، محترمہ عرشیہ ، محترمہ ممتاز فاطمہ کے علاوہ مرد و خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔۔

TOPPOPULARRECENT