Friday , October 20 2017
Home / ہندوستان / جسٹس کرنن ہنوز لاپتہ ‘ پولیس شدت سے تلاش میں مصروف

جسٹس کرنن ہنوز لاپتہ ‘ پولیس شدت سے تلاش میں مصروف

چینائی 15 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کلکتہ ہائیکورٹ کے جج جسٹس سی ایس کرنن کی تلاش پوری شدت سے جاری ہے اس کے باوجود پولیس کو ابھی تک ان کے اتہ پتہ کے تعلق سے کوئی سراغ دستیاب نہیں ہوا ہے ۔ مغربی بنگال اور ٹاملناڈو پولیس کے ذہنوں میں یہی سوال گشت کر رہا ہے کہ آخر وہ ( کرنن ) کہاں ہیں۔ آج چھٹے دن بھی ان کی تلاش کا سلسلہ جاری رہا تاہم ہنوز گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی ہے ۔ قیاس کیا جا رہا ہے کہ سپریم کورٹ سے ٹکراؤ کی راہ اختیار کرنے والے جسٹس کرنن شائد ملک سے فرار ہوگئے ہیں۔ 61 سالہ جج کو آحری مرتبہ منگل کے دن چینائی میں دیکھا گیا تھا جبکہ اس سے چند ہی گھنٹے قبل سپریم کورٹ نے تحقیر سے متعلق ایک مقدمہ میں ان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا ۔ جسٹس کرنن کا تعلق ٹاملناڈو سے ہے اور ان کے لاپتہ ہوجانے سے پولیس کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ سپریم کورٹ نے جسٹس کرنن کو تحقیر عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 6 ماہ کی سزا سنائی تھی اور انہیں فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا ۔ ابھی تک پولیس تاہم انہیں گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT