Wednesday , September 20 2017
Home / Top Stories / جشن معراج النبیؐ کا خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام ‘خصوصی دعائیں

جشن معراج النبیؐ کا خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام ‘خصوصی دعائیں

حیدرآباد۔24اپریل (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں خشوع و خضوع کے ساتھ شب معراج النبی ﷺ کا اہتمام کیا گیا۔ مساجد میں خصوصی عبادتوں کے لئے انتظامات کئے گئے تھے۔ تاریخی مکہ مسجد میں مولانا محمد عثمان نقشبندی امام مکہ مسجد نے نماز عشاء کی امامت کی اور شہر کے مختلف مقامات و مساجد میں جلسہ ہائے فضائل شب معراج کا انعقاد عمل میںلایا گیا۔ مساجد کو برقی قمقموں سے روشن کیا گیا تھا اور مکہ مسجد پر خصوصی روشنی کی گئی تھی۔ جلسہ ہائے فضائل شب معراج النبی ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے علماء اکرام نے امت مسلمہ کو تفرقہ میں نہ پڑنے کی تلقین کی اور کہا کہ جب تک ہم اپنی زندگیوں میں اسوۂ رسول کو اختیار نہیں کرتے اس وقت تک کامیابی ممکن نہیں ہے۔ مومن صرف دنیا کی کامیابی پر خوش نہیں ہوتا بلکہ اسے اخروی کامیابی کی بھی فکر لاز م کرلینے کی چاہئے کیونکہ وہی ابدی زندگی ہے۔ علماء اکرام نے واقعات معراج بیان کرتے ہوئے کہا کہ نبی اکرم ؐ کے سفر معراج سے امت کو جو تحفہ ملا ہے وہ نماز ہے اور نماز کی پابندی کو مومن کی معراج قرار دیا گیا ہے لیکن افسوس کے نمازوں کے ضائع ہونے پر امت کے بڑے طبقہ کو ملال نہیں ہو رہا ہے جو یہ ثابت کرتا ہے کہ امت کا بڑا طبقہ بے پرواہ ہونے لگا ہے۔ پرانے شہر کے مختلف مقامات پر منعقد ہونے والے جلسوں میں علماء نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ نوجوان نسل کو تباہی سے بچانے کیلئے انہیں دینی علوم سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ علماء نے طلاق ثلاثہ جیسے نازک مسائل کو حکومت کی جانب سے چھیڑے جانے کوشریعت میں مداخلت کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ شریعت کا تحفظ ہم عمل کے ذریعہ کرسکتے ہیں اور اس طرح کی چھیڑ چھاڑ کو بعض کم فہم لوگوں کی جانب سے ہوا دی جا رہی ہے انہیں سمجھانے اور اس بات سے واقف کروانے کی ضرورت ہے کہ نبی اکرمﷺ نے زندگی کے ہر شعبہ میں انسانیت کو درس دیا ہے ۔    ( سلسلہ صفحہ7پر )

TOPPOPULARRECENT