جعلی تعلیمی سرٹیفیکٹ کا ریاکٹ بے نقاب

   

اسناد اور دیگر اشیاء ضبط ، ایک شخص گرفتار ، اے سی پی سیف آباد کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /20 مارچ (سیاست نیوز) جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹ کی تیاری اور اس کے فروخت میں میں ملوث ایک شخص کو ٹاسک فو رس نے نامپلی پولیس کی مدد سے گرفتار کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سیف آباد وینو گوپال ریڈی نے کہا کہ 28 سالہ محمد حبیب ساکن بازار گھاٹ نامپلی علاقے ملک پیٹ میں الف اوورسیز کنسلٹنسی چلارہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ حبیب نے سال 2012 ء میں جے این ٹی یو یونیورسٹی سے انجنیئرنگ کی تعلیم حاصل کی اور بعد ازاں وہ ایک خانگی جونیر کالج میں ملازمت کررہا تھا ۔ اسی دوران چھتیس گڑھ کے بورڈ آف اسکول اینڈ ٹکنیکل ایجوکیشنل کے ڈائرکٹر سنیل کپور سے محمد حبیب کی ملاقات ہوئی ۔ سنیل کپور ایس ایس سی اور انٹرمیڈیٹ میں ناکام ہونے والے اساتذہ کو چھتیس گڑھ کی یونیورسٹی سے کامیاب کروانے اور سرٹیفکیٹ بھی فراہم کرتا تھا ۔ چھتیس گڑھ اسکول ٹیکنیکل ایجوکیشن پر ہائیکورٹ نے امتناع عائد کیا ہے ۔ محمد حبیب نے سنیل کپور کی ایماء پر شہر سے تعلق رکھنے والے ایسے نوجوانوں کی نشاندہی کیا کرتا تھا جو ایس ایس سی اور انٹر میں ناکام ہوتے ہیں ۔ اسی طرح حبیب نے راجستھان ، کانپور ، اترپردیش ، آندھراپردیش اور ملک کے کئی یونیورسٹیز کے جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹس تیار کرنے لگا اور انہیں فروخت کررہا تھا ۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے پولیس نے 16 جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹس اور دیگر اشیاء برآمد کرتے ہوئے اسے جیل بھیج دیا ۔