Friday , September 22 2017
Home / ہندوستان / جموں وکشمیر کے مسلم اکثریتی کردار کو مسخ کرنے کی بڑے پیمانے پر سازشیں

جموں وکشمیر کے مسلم اکثریتی کردار کو مسخ کرنے کی بڑے پیمانے پر سازشیں

موجودہ حکمراں نااہل ، ریاست تباہی و بربادی کی راہ پر گامزن ، بی جے پی سے پی ڈی پی کا اتحاد فاش غلطی : نیشنل کانفرنس
سری نگر۔ 13 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت نیشنل کانفرنس نے پی ڈی پی ، بی جے پی کی مخلوط حکومت پر ریاست کو تباہی اور بربادی کی طرف لے جانے کا الزام لگایا ہے ۔پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست کے مسلم اکثریتی کردار اور خصوصی پوزیشن کو مسخ کرنے کی بھی بڑے پیمانے پر سازشیں رچائی جارہی ہیں۔ پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفے ٰ کمال نے آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ نااہل حکمران ریاست کو تباہی اور بربادی کی طرف لے جارہے ہیں، ریاستی عوام کے مشکلات میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے ، بے روزگاری کی حدیں پار ہوچکی ہیں، تاجروں کے حقوق پر شب خون مارا جارہا ہے جبکہ ریاست کے مسلم اکثریتی کردار اور خصوصی پوزیشن کو مسخ کرنے کی بھی بڑے پیمانے پر سازشیں رچائی جارہی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریاست کی خصوصی پوزیشن اور خصوصی مراعات کو نقصان ہونے کا اندیشہ اُسی روز ظاہر ہوگیا تھا جب پی ڈی پی نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرکے بھگوا جماعتوں کے کشمیر دشمن ایجنڈا پر کام شروع کیا ۔ڈاکٹر کمال کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ پی ڈی پی نے ہمیشہ کشمیر اور کشمیریوں کے مخالف کام کیا اور بعد میں اس کے الزامات دوسروں کے سر تھوپنے کی مذموم کوششیں کیں۔

یہ وہی جماعت نے جس کے بانی مرحوم مفتی محمد سعید نے بحیثیت وزیر داخلہ ریاست جموں وکشمیر کو شورش زدہ علاقہ اور یہاں افسپا جیسے کالے قانون کو لاگو کیا اور لاکھوں کا فوجی جماؤ عمل میں لایا اور پھر اسی جماعت کے قائدین افسپا اور فوجی انخلاء کا واویلا کرنے لگے ۔ یہ وہی جماعت نے جس نے شرائن بورڈ کو زمین منتقل کرکے 2008میں یہاں حالات کو آگ کی نذر کردیا ، جن حالات کو ٹھیک کرنے کے لئے برسوں لگے تھے ۔ اُس وقت بھی اس جماعت نے اپنے اتحادیوں کا ساتھ چھوڑ کر اپنا دامن جھاڑنے کی بھر پور کوشش کی۔ڈاکٹر کمال نے کہا کہ گذشتہ پی ڈی پی کی حکومت کے دوران گذشتہ 3سال میں جی ایس ٹی سمیت 3مرکزی قوانین کو ریاست پر لاگو کیا گیا۔جی ایس ٹی کے ذریعے ریاست کی مالی خودمختاری کو مکمل طور پر ختم کیا گیا اور اب دفعہ 35 اے کے خلاف سازشیں رچا کر ریاست کے اسٹیٹ سبجیکٹ قانون کو ختم کرکے یہاں کی پہچان اور انفرادیت کا تہیہ تیغ کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ڈاکٹر کمال نے کہا کہ غلط بیانی ، فریب کاری اور مکاری پی ڈی پی کا شیوہ رہا ہے اور آج بھی یہ جماعت اسی راہ پر گامزن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2015میں حکومت سنبھالنے کے بعد سے ہی پی ڈی پی نے کشمیر دشمن اقدامات کرکے یہاں بے چینی کی شروعات کی اور گذشتہ 3سال سے ہم چاروں طرف غیریقینی، عدم تحفظ اور افراتفری کے سوا کچھ نہیں دیکھ رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT