Thursday , October 19 2017
Home / ہندوستان / جموں : گاڑی کھائی میں گرگئی 10 افراد ہلاک اور5 زخمی

جموں : گاڑی کھائی میں گرگئی 10 افراد ہلاک اور5 زخمی

جموں ، 9 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے ضلع ریاسی میں آج صبح پیش آنے والے ایک المناک سڑک حادثے میں کم از کم 10 افراد ہلاک جبکہ 5دیگر افراد زخمی ہوگئے ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا ‘ضلع ریاسی میں بدھان سے مہور جارہی ایک ٹمپو گاڑی شیشی نالہ کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر 200 فٹ گہری میں جاگری’۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں 7 افراد موقعے پر ہی جاں بحق جبکہ 8 دیگر زخمی ہوگئے ۔ مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ تین زخمیوں نے بعدازاں اسپتال میں اپنی آخری سانسیں لیں۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو سب ضلع اسپتال مہور پہنچایا گیا ۔
جہاں سے شدید زخمیوں کو ائرلفٹ کرکے جموں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ رجسٹریشن نمبر JK02 AG-0730کو یہ المناک حادثہ صبح کے وقت قریب ساڑھے آٹھ بجے پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد ریاستی پولیس اور مقامی لوگوں نے بچاؤ آپریشن میں حصہ لیا۔ اس دوران ریاستی پولیس نے حادثے میں دس افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔ پولیس نے مہلوکین کی شناخت 26 سالہ جاوید احمد ولد عبدالرشید ساکنہ چاچی جم سلان، 35 سالہ وزیرہ بیگم زوجہ محمد شریف ساکنہ چاچی جم سلان، 22 سالہ چرن سنگھ ولد فقیر چند ساکنہ بدھان، 20 سالہ لیاقت علی ولد عبدالحمید ساکنہ بدھان ، 19 سالہ محمد ارشاد ولد عبدالرشید ساکنہ بدھان ، 15 سالہ محمد آصف ولد علی محمد ساکنہ جمالان نگر، 12 سالہ حامد علی ولد منظور حسین ساکنہ جم سلان ، 6 سالہ مبشر احمد ولد بہار دین ساکنہ سل دھر ، 3 ماہ کا بچہ مہندر سنگھ اور 27 سالہ بہار دین ولد عبدالغنی ساکنہ سل دھر کے بطور ظاہر کردی ہے ۔

 

TOPPOPULARRECENT