Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / جناب ابراہیم بن عبداللہ مسقطی کی بے لوث خدمات کو خراج

جناب ابراہیم بن عبداللہ مسقطی کی بے لوث خدمات کو خراج

حیدرآبادی تہذیب و روایات کی نمائندہ شخصیت ، محمد علی شبیر کا اظہار تعزیت
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اگست (سیاست  نیوز) قائد اپوزیشن قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے جناب ابراہیم بن عبداللہ مسقطی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے انتقال کو قوم و ملت کا عظیم نقصان قرار دیا۔ محمد علی شبیر نے اپنے تعزیتی پیام میں کہا کہ جناب ابراہیم مسقطی نے 50 برسوں سے زائد تک قوم و ملت کی بے لوث خدمت کی ہے اور آنے والی نسلیں انہیں فراموش نہیں کر پائیں گی۔ انہوں نے نہ صرف سیاست کے میدان میں خود کو کامیاب ثابت کیا بلکہ تجارت میں بھی سرفہرست رہے۔ یہی وجہ ہے کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر ہرجماعت میں انہیں احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ مرحوم ابراہیم مسقطی حیدرآبادی تہذیب و روایات کی نمائندہ شخصیت تھے  اور انہوں نے ان روایات کی پاسداری اور تحفظ میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ انہوں نے ہمیشہ اقلیتوں اور عوامی مسائل پر حکومتوں سے بے باک ترجمانی کی ہے۔ اسمبلی اور کونسل میں ان کی بیباک نمائندگی سے متعلق تقاریر کو آج بھی عوام یاد کرتے ہیں۔ محمد علی شبیر نے پسماندگان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور اعلیٰ درجات کیلئے دعا کی ۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ جناب ابراہیم مسقطی ان کیلئے ایک سرپرست کی طرح تھے اور ہر نازک موقع پر وہ جناب ابراہیم مسقطی سے رجوع ہوکر ان کے تجربات کی روشنی میں رہنمائی حاصل کرتے تھے۔ ان کی شفقت اور رہنمائی کو وہ کبھی فراموش نہیں کرپائیںگے۔

TOPPOPULARRECENT