Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / جناب زاہد علی خان کی مہم پر ملازم سیاست کی دختر کی مثالی شادی

جناب زاہد علی خان کی مہم پر ملازم سیاست کی دختر کی مثالی شادی

سادگی کے ساتھ نکاح کی مہم کا اثر
جناب زاہد علی خان کی مہم پر ملازم سیاست کی دختر کی مثالی شادی
مسجد میں نکاح اور رخصتی، مہمانوں کی تواضع سے بھی گریز
حیدرآباد۔/22اکٹوبر، ( سیاست نیوز) روز نامہ ’سیاست‘ کی جانب سے سادگی کے ساتھ نکاح کی تکمیل سے متعلق مہم کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ کئی خاندانوں نے اپنے گھر کی شادیوں کیلئے مسجد میں نکاح کو ترجیح دی اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے شاہی مسجد باغ عامہ میں 21 اکٹوبر بروز جمعہ ایک نکاح کا سادگی کے ساتھ اہتمام عمل میں آیا۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ کی جانب سے نکاح کو آسان بنانے کیلئے شروع کی گئی مہم پر عمل کرتے ہوئے سیاست کے ملازم مولوی محمد عبدالمقتدر نے اپنی دختر کا نکاح مسجد میں منعقد کیا  جو ایک مثالی شادی کی تقریب ثابت ہوئی۔ نکاح مسجد میں انجام پایا جس کے فوری بعد مہمانوں کی تواضع سے بھی گریز کیا گیا اور وہیں سے وداعی عمل میں آئی۔ عام طور پر فنکشن ہال میں استقبالیہ کا اہتمام کیا جاتاہے لیکن اس مثالی تقریب میں اس روایت سے بھی گریز کیا گیا۔ مولوی محمد عبدالمقتدر کی دختر نوشین فاطمہ ( ایم کام ) کا نکاح حکیم محمد حبیب الدین قادری کے فرزند محمد یوسف الدین قادری فرید ( ایم ایس سی ) کے ساتھ انجام پایا۔ صدر مفتی جامعہ نظامیہ حضرت مولانا مفتی محمد عظیم الدین نے خطبہ نکاح پڑھا۔ تقریب میں نوشہ نے مہر کی رقم نقد ادا کردی۔ اس مثالی تقریب میں شریک تمام مہمانوں نے اس طرح کی شادیوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ظاہر کی۔ اس تقریب میں جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر کے علاوہ علمائے کرام، جامعہ نظامیہ کے فارغین اور دوست احباب ، رشتہ داروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محمد قدیر الدین، محمد فرید الدین، محمد ذاکر، محمد یونس خاں اور محمد عبدالغفار نے مہمانوں کا استقبال کیا۔

TOPPOPULARRECENT