Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / جناب سید وقار الدین ، پروفیسر شوکت حیات کو مولانا آزاد قومی ایوارڈ

جناب سید وقار الدین ، پروفیسر شوکت حیات کو مولانا آزاد قومی ایوارڈ

نظام کالج گراونڈ پر 11 نومبر کو مولانا ابوالکلام آزاد یوم پیدائش تقریب
حیدرآباد۔/8نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں مولانا ابوالکلام آزاد قومی ایوارڈ کیلئے علی الترتیب جناب سید وقار الدین ایڈیٹر ’ رہنمائے دکن‘ و صدرنشین انڈو عرب لیگ اور پروفیسر شوکت حیات سابق ڈین فیکلٹی ڈاکٹر بی آر امبیڈکر یونیورسٹی کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ ماہرین پر مشتمل کمیٹی نے آج مختلف ناموں پر غور کے بعد یہ فیصلہ کیا۔ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کی یوم پیدائش کے موقع پر 11نومبر کو ’’ یوم اقلیتی بہبود ‘‘ منایا جاتا ہے جس میں یہ ایوارڈ پیش کئے جاتے ہیں۔ تلنگانہ حکومت کی تقریب 11 نومبر کو 3 بجے سہ پہر نظام کالج گراؤنڈ پر منعقد ہوگی جبکہ آندھرا پردیش نے گنٹور میں یہ تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ایوارڈ کے تحت ایک لاکھ 25 ہزار روپئے کے علاوہ توصیف نامہ اور مومنٹو پیش کیا جاتا ہے۔ ریاست کی تقسیم کے بعد آندھرا پردیش میں پہلی مرتبہ یہ قومی ایوارڈ دیا جارہا ہے جبکہ متحدہ آندھرا پردیش میں پروفیسر اشرف رفیع، پروفیسر سلیمان صدیقی، جناب رحمن جامی اور جناب غیاث الدین بابو خاں کو ان کی نمایاں خدمات پر یہ ایوارڈ پیش کیا جاچکا ہے۔ تلنگانہ میں اس باوقار ایوارڈ کیلئے پیانل میں جو نام شامل کئے گئے تھے ان میں ڈاکٹر حیدر خاں، جناب منظورالامین اور جناب رحیم الدین کمال کے نام بھی شامل تھے تاہم بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے علحدہ تلنگانہ کیلئے جناب سید وقار الدین کی تائید اور خدمات کو دیکھتے ہوئے ان کے نام کو منظوری دی۔ ماہرین کی کمیٹی میں پروفیسر اشرف رفیع، پروفیسر بیگ احساس، پروفیسر حبیب ضیاء، ڈاکٹر عقیل ہاشمی اور جناب مصطفی کمال شامل تھے۔ آندھرا پردیش نے جن چار ناموں پر غور کیا ان میں پروفیسر رحمت اللہ، پروفیسر عاصم علی خاں اور ممتاز شاعر راہی فدائی بھی شامل تھے۔ پروفیسر شوکت حیات 20سال تک صدر شعبہ اردو کی حیثیت سے ڈاکٹر امبیڈکر یونیورسٹی میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور فاصلاتی تعلیم کے فروغ میں ان کا اہم رول رہا ہے، ان کا تعلق ضلع کڑپہ سے ہے۔ دونوں ریاستوں میں یہ ایوارڈ متعلقہ چیف منسٹرس کی جانب سے پیش کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ حیدرآباد میں نظام کالج گراؤنڈ پر منعقد شدنی تقاریب میں اقلیتی اقامتی اسکولس کے طلبہ شرکت کریں گے اور اپنی قابلیت کا مظاہرہ کریں گے۔ اقامتی اسکولس کی سرگرمیوں اور فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں نمائش کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مختلف اقلیتی اداروں کے اسٹالس بھی قائم کئے جائیں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر تعلیم کے سری ہری تقریب میں شرکت کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT