Monday , August 21 2017
Home / انتقال نام / جناب عبدالکریم خاں ریٹائرڈ آئی اے ایس کا انتقال

جناب عبدالکریم خاں ریٹائرڈ آئی اے ایس کا انتقال

حیدرآباد 26 جولائی ( سیاست نیوز )ریاست کے سینئر ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار و سابق صدر نشین آندھرا پردیش اقلیتی کمیشن ( کابینی رتبہ ) جناب عبدالکریم خان کا آج انتقال ہوگیا ۔ ان کی عمر 86 سال تھی ۔ مرحوم جناب عبدالکریم خاں ‘ تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو اے کے خان ( آئی پی ایس ) کے والد تھے ۔جناب عبدالکریم خان کی خدمات اقلیتوں کیلئے نا قابل فراموش ہیں ۔ جنہوں نے اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دلانے میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ وہ ریاست کے مختلف محکمہ جات میں اہم عہدوں پر فائز رہے ۔ جناب عبدالکریم خان کی آج شام نماز جنازہ مسجد بقیع‘روڈ نمبر 12 بنجارہ ہلز میں بعد نماز عشاء ادا کی گئی اور تدفین قبرستان متصل مسجد بقیع میں عمل میں آئی ۔ فاتحہ سہ یوم بروز منگل ‘بعد نماز عصر مسجد بقیع روڈ نمبر 12 بنجارہ ہلز میں مقرر ہے ۔  جناب عبدالکریم خان نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں میں مختلف عہدوں پر خدمات انجام دی تھیں۔ انہوں نے کمشنر کوآپریٹیو سوسائیٹیز ‘ کمشنر سیول سپلائز ‘ صدر نشین اے پی اسٹیٹ انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن ‘ ڈائرکٹر پرنٹنگ ‘ اسٹیشنری و اسٹورس ( آندھرا پردیش ) کی حیثیت میں بھی بہترین خدمات انجام دی تھیں۔ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ رکن / صدر نشین اے پی پبلک سرویس کمیشن ‘ بینکنگ سروسیس رکروٹمنٹ بورڈ اور صدر نشین اے پی اقلیتی کمیشن کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کی دیانتداری ‘ محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کیلئے مختلف حکومتوں میں وہ انتہائی عزت کی نظر سے دیکھے جاتے تھے ۔ مرحوم ادارہ ادبیات اردو کے نائب صدر تھے اور روزنامہ سیاست کے زیر اہتمام نوجوانوں کو پولیس میں بھرتی کی تربیت اور کیرئیر کونسلنگ کے مختلف پروگرامس میں بھی شرکت کرتے رہے تھے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ‘ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی ‘ ڈائرکٹر جنرل پولیس انوارگ شرما ‘ چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما ‘ کمشنر پولیس ایم مہیندر ریڈی اور جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست ‘ جناب ظہیر الدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر سیاست ‘ جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست ‘ کونڈا ویشویشور ریڈی رکن پارلیمان ‘ ایس اے ہدی ڈی جی پی ‘ایم اے باسط  موظف ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ‘شیخ محمد اقبال سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود حکومت آندھرا پردیش حکومت آندھرا پردیش کے ایم صفی اللہ ‘ کے ایم عارف الدین ‘جابر پٹیل ‘ارکان پارلیمان ‘ارکان اسمبلی مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین ‘سیول و پولیس کے اعلی عہدیدار مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیتیں بشمول صحیفہ نگاروں و  دوسرے سینئر قائدین و عہدیداروں نے گھر پہونچ کر جناب اے کے خان کو پرسہ دیا اور جناب عبدالکریم خان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ۔ ان کے علاوہ مہیش مرلی دھر بھاگوت آئی جی انٹلی جنس ‘جوائنٹ کمشنر آف پولیس اسپیشل برانچ ناگی ریڈی ‘تمام ڈپٹی کمشنر آف پولیس ‘سید عمر جلیل سکریٹری محکمہ اقلیت بہبود تلنگانہ ‘ جناب جلال الدین اکبر ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی بہبود ‘پروفیسر ایس اے شکور ‘اسپیشل آفیسر حج کمیٹی ‘سعید احمد خان سابقہ ایڈیشنل ڈی سی پی ‘ ایم پیز‘‘ اراکین اسمبلی ‘اراکین قانون ساز کونسل کے علاوہ وینو گوپال چاری سابق وزیر و مشیر حکومت تلنگانہ و حکومت ہند اور جناب محمد علی شبیر سابق وزیر و فلور لیڈر قانون ساز کونسل ‘علماء و مشائخین اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے ان کے فرزند جناب اے کے خان کو پرسہ دیا اور جلوس جنازہ و تدفین میں شرکت کی۔

TOPPOPULARRECENT