Wednesday , June 28 2017
Home / شہر کی خبریں / جناب علاء الدین انصاری کی خدمات ناقابل فراموش

جناب علاء الدین انصاری کی خدمات ناقابل فراموش

تعزیتی جلسہ سے الحاج محمد عثمان شہید ایڈوکیٹ و دیگر کا خراج

حیدرآباد۔ 20 فروری (پریس نوٹ) الحاج محمد علاء الدین انصاری ایڈوکیٹ مرحوم کے تعزیتی جلسے کو مخاطب کرتے ہوئے الحاج محمد عثمان شہید ایڈوکیٹ صدر آل انڈیا مسلم فرنٹ نے کہا کہ جناب انصاری جیسے دیانت دار اور ایک مضبوط جہدکار کی ہم سے جدائی ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی عوامی خدمت میں گذار دی۔ وہ ایک بے لوث ملت کے خدمت گذار تھے۔ ’’اسلام کو درپیش چیلنجس اور مسلمان‘‘ کے عنوان پر تقریر کرتے ہوئے جناب صدر نے کہا کہ اسلام کیلئے آج کا نام نہاد بے ضمیر، بے ایمان، بندۂ زر مسلمان سب سے بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔ شہادت عثمان غنیؓ سے لے کر تادم تقیر اسلامی تاریخ کی خونچکاں داستان گواہی دے رہی ہے کہ بے ضمیر اور مفاد پرست مسلمانوں نے جس طرح بیخ کنی کرنے کی کوشش کی ہے اس کے نتیجہ میں ملت انتشار کا شکار ہوچکی ہے۔ جناب عبدالرحمن الحامد نے کہا کہ جناب انصاری نے ایک مجاہد کی زندگی گذاری ہے۔ انہوں نے انصاری کی خدمت کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ مولانا ضیاء عرفانی حسامی نے کہا کہ انصاری ایک دینی مزاج رکھتے تھے۔ ان کا گھر دینی ماحول سے آراستہ تھا۔ جناب سید محمود علی صدر پیس آرمی نے کہا کہ جناب انصاری ایک نیک انسان تھے۔ ڈاکٹر نادرالمسدوسی نے انصاری کو اسلام کا بے لوث سپاہی قرار دیا۔ جناب سید شان حیدر (شیعہ عالم) نے کہا کہ جس طرح شرکاء کی کثیر تعداد انصاری کے لئے دعاگو ہیں، ان کے جنتی ہونے کی نشانی ہے۔ ہمیں آج مسلکی اختلافات سے اُٹھ کر صرف دین کی حفاظت کیلئے کام کرنا ہے۔ جناب عثمان الہاجری نے کہا کہ انصاری مرحوم وقف جائیدادوں کی حفاظت کیلئے ہمیشہ سینہ سپر رہے۔ آج وقف جائیدادوں کی تباہی کے ذمہ دار مفاد پرست مسلمان ہیں۔ مفتی محمد رضی الدین مسعود نے انصاری کو ایک نیک سیرت اور بہترین اخلاق کے حامل مسلمان قرار دیا۔ جناب عبدالستار مجاہد نے کہا کہ انصاری مرحوم اُردو زبان کے سچے عاشق تھے۔ انہوں نے اپنے تمام بچوں کو اُردو زبان میں تعلیم دلوائی۔ مرحوم انصاری کے دو فرزندان مسرز اسلام الدین انصاری ایڈوکیٹ ، جناب محمد عماد الدین انصاری اور دختر ڈاکٹر سمیہ نسرین نے بھی مخاطب کیا۔ انیس احمد کی قرأت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز کیا۔ ڈاکٹر سلیم عابدی نے نعت شریف پیش کی۔ فرنٹ کے جنرل سیکریٹری غلام محمد کے شکریہ پر تقریب اختتام پر پہنچی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT