Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / جناب مسقطی کے انتقال سے ملت سچے ہمدرد سے محروم

جناب مسقطی کے انتقال سے ملت سچے ہمدرد سے محروم

روزنامہ ’سیاست‘ اور سیاست خاندان سے دیرینہ روابط : زاہد علی خان
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اگست (سیاست  نیوز) جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے جناب ابراہیم بن عبداللہ مسقطی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ تعزیتی پیام میں جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ وہ جناب مسقطی کے انتقال سے دیرینہ دوست و بااعتماد ساتھی اور ہمدرد سے محروم ہوچکے ہیں۔ جناب ابراہیم بن عبداللہ مسقطی مسلمانوں کی ترقی کے بارے میں غیر معمولی جذبہ رکھتے تھے اور آخری سانس تک بھی انہوں نے ملت کی بھلائی کی فکر کی۔ روزنامہ سیاست اور سیاست خاندان سے ان کے دیرینہ روابط کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ جناب ابراہیم مسقطی نہ صرف ایک بے لوث اور سچے دوست تھے بلکہ ہر موقع پر انہوں نے ایک بزرگ کی حیثیت سے رہنمائی بھی کی۔ ان کا انتقال نہ صرف میرے لئے بلکہ سارے سیاست خاندان کیلئے شخصی نقصان ہے۔ جناب ابراہیم مسقطی نے ہمیشہ بیباکی اور حق گوئی کو اختیار کیا جس کے نتیجہ میں حکومتوں کو بھی ان کے مطالبات قبول کرنے پر مجبور ہوناپڑا۔ ڈاکٹر ایم چنا ریڈی سے لیکر حالیہ حکمرانوں تک ان کے قریبی روابط تھے اور ہر پارٹی میں انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ اعلیٰ عہدیداروں کی سطح پر بھی جناب ابراہیم بن عبداللہ مسقطی منفرد شناخت ہے اور کسی بھی محکمہ کے اعلیٰ عہدیدار ان کی سفارش یا نمائندگی کو کبھی رد نہیں کرتے تھے۔ جناب ابراہیم مسقطی نے پرانے شہر اور خاص طور پر اپنے حلقہ انتخاب یاقوت پورہ کی ترقی میں غیر معمولی رول ادا کیا۔ ان کے انتقال سے ملت اسلامیہ اپنے سچے اور بے لوث ہمدرد سے محروم ہوچکی ہے اور جو خلاء پیدا ہوا ہے ، اس کا پر ہونا آسان نہیں۔ جناب ابراہیم بن عبداللہ مسقطی ایک کامیاب سیاستداں کے ساتھ ساتھ ایک کامیاب بزنس مین بھی تھے اور انہوں نے اپنی محنت شاقہ کے ذریعہ تلنگانہ اور آندھراپردیش کی ڈیری انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ انہوں نے کامیاب تاجر کی حیثیت سے خود کو منواکر مسلمانوں کیلئے ایک مثال قائم کی ہے کہ محنت اور سچائی کے ذریعہ کوئی بھی کامیاب تاجر بن سکتا ہے۔ جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ دینی مدارس ، مساجد کے علاوہ فلاحی اور رفاہی کاموں میں تعاون کے سلسلہ میں جناب ابراہیم مسقطی ہمیشہ پیش پیش رہے۔ ہزاروں غریب خاندان ایسے ہیں جنہیں جناب ابراہیم مسقطی خاموشی سے مدد کیا کرتے تھے ، ان کے انتقال سے یہ خاندان خود کو بے سہارا محسوس کر رہے ہیں۔ جناب زاہد علی خاں نے امید ظاہر کی کہ جناب مسقطی کے فرزندان اپنے والد کے اس مشن کو نہ صرف جاری و ساری رکھیں گے بلکہ عوامی خدمات سے متعلق سرگرمیوں میں حصہ لے کر اپنے والد کیلئے ثواب جاریہ کا موجب بنیں گے۔ جناب زاہد علی خاں نے پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا اور صبر جمیل کی دعاء کی۔ انہوں نے مرحوم کیلئے مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کیلئے بارگاہ رب العزت میں دعا کی ۔

TOPPOPULARRECENT