Wednesday , August 16 2017
Home / Top Stories / جنرل دلبیر سنگھ کا ہندواڑہ و کپواڑہ کا دورہ

جنرل دلبیر سنگھ کا ہندواڑہ و کپواڑہ کا دورہ

سرینگر 19 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) فوجی سربراہ جنرل دلبیر سنگھ نے آج جموں و کشمیر کا دورہ کیا تاکہ وہاں ہندواڑہ اور کپواڑہ میں سکیوریٹی فورسیس کی فائرنگ میں عام شہریوں کی ہلاکت کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے ۔ وزارت دفاع کے ایک ترجمان نے بتایا کہ فوجی سربراہ جنرل دلبیر سنگھ شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹننٹ جنرل ڈی ایس ہوڈا کے ساتھ آج سرینگر کے چینار کور کا دورہ کیا ۔ کور کمانڈر لیفٹننٹ جنرل ستیش دوا نے انہیں سکیوریٹی صورتحال اور فورسیس کی تیاریوں سے واقف کروایا ۔ واضح رہے کہ ایک ہفتے قبل ہندواڑہ میں ایک سپاہی کی جانب سے لڑکی سے دست درازی اور اس کے بعد احتجاج کرنے والے عوام پر سکیوریٹی فورسیس کی فائرنگ میں تین افراد کی ہلاکت پر احتجاج کیا جا رہا ہے ۔ ان حالات میں فوجی سربراہ نے ریاست کا دورہ کیا ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ جنرل دلبیر سنگھ کو ہندواڑہ میں پیش آئے واقعات سے واقف کروایا گیا جس کے بعد گذشتہ چند دن سے یہاں پرتشدد احتجاج کیا جا رہا ہے ۔ فوجی سربراہ نے کپواڑہ کا بھی دورہ کیا جہاں انہیںلائین آف کنٹرول پر صورتحال سے واقف کروایا گیا ۔ فوجی سربراہ نے مقامی یونٹوں کی تیاری حالت پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ ترجمان کے بموجب فوجی سربراہ نے مقامی کمانڈروں کو ہدایت دی کہ وہ یہاں سکیوریٹی صورتحال کو برقرار رکھیں۔ واضح رہے کہ ہندواڑہ میں پر تشدد احتجاج کے بعد کرفیو جیسی تحدیدات عائد کردی گئی تھیںجن میں کچھ نرمی دی گئی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT