Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / جنسی تشدد سے متاثر مصیبت زدہ خواتین کیلئے ’بھروسہ‘

جنسی تشدد سے متاثر مصیبت زدہ خواتین کیلئے ’بھروسہ‘

حیدرآباد سٹی پولیس کی نئی اسکیم، کمشنر مہندرریڈی نے ویب سائٹ کا افتتاح کیا
حیدرآباد 8 مارچ (پی ٹی آئی) بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر حیدرآباد سٹی پولیس نے تشدد سے متاثرہ خواتین اور بچوں کو تحفظ کی فراہمی کے لئے ایک امدادی مرکز ’بھروسہ‘ کے قیام کا اعلان کیا۔ حیدرآباد پولیس کمشنر ایم مہندر ریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ مختلف سطحوں پر متاثرہ خواتین کی مدد کے لئے ’بھروسہ‘ کی جانب سے پولیس، طبی، قانونی اور استغاثہ خدمات، نفسیاتی علاج، راحت، امداد و بازآبادکاری کے ذریعہ ضرورت کے مطابق ایک چھت تلے مربوط خدمات فراہم کی جائیں گی۔ کمشنر پولیس نے کہاکہ جنسی ہراسانی، جنسی حملوں، گھریلو تشدد، بردہ پروشی (انسانی اسمگلنگ) (خاندان کی) عزت سے متعلق جرائم، تیزاب حملے اور مخاصمت کے سبب غیر ضروری پیچھا اٹھائے جانے جیسے واقعات سے متاثرہ خواتین اور بچیوں کے اس امدادی مرکز سے رجوع کئے جانے کی صورت میں تمام ضروری اور خصوصی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ حیدرآباد سٹی پولیس نے حکومت تلنگانہ کو ایک تجویز پیش کی تھی کہ عوامی و خانگی ساجھیداری میں ایک سوسائٹی تشکیل دینے کی اجازت دی جائے تاکہ مصیبت زدہ خواتین اور بچیوں کو کم سے کم وقت میں بہتر سے بہتر خدمات فراہم کی جاسکے۔ حکومت تلنگانہ خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لئے ایک سوسائٹی (بھروسہ) کے قیام کی اجازت دی ہے اور بہت جلد اس کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ ایڈیشنل کمشنر پولیس سواتی لاکرا نے کہاکہ جسمانی، نفسیاتی، جذباتی، جنسی یا معاشی مظالم کا سامنا کرنے والی خواتین اور بچیوں کو ان کی عمر، سماجی رتبہ، ذات، تعلیمی اور ازدواجی موقف، رنگ، نسل و تہذیب کا امتیاز کئے بغیر ممکنہ مدد و رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ حیدرآباد پولیس کے سربراہ مہندر ریڈی نے خواتین کے اس امدادی مرکز بھروسہ کے ویب سائٹ www.bharosahyderabadpolice.org کا افتتاح کیا۔

TOPPOPULARRECENT