Sunday , September 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / جنوبی افریقہ ‘آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹسٹ میں جیت کے قریب

جنوبی افریقہ ‘آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹسٹ میں جیت کے قریب

539 رنوں کا تعاقب کرتے ہوئے میزبان ٹیم 169/4 ۔ عثمان خواجہ کی صبر آزما نصف سنچری
پرتھ 6 نومبر ( اے ایف پی ) جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹسٹ کے چوتھے دن کامیابی کے امکانات روشن کرتے ہوئے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے جبکہ آج کا کھیل ختم ہونے تک آسٹریلیا نے 539 رنوں کے نشانہ کا تعاقب کرتے ہوئے 169 رنوں پر اپنے چار وکٹس گنوا دئے ہیں۔ افریقہ کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر کاگیسو رباڈا نے تین اہم وکٹس حاصل کئے تھے ۔ آسٹریلیا کو کامیابی کیلئے دوسری اننگز میں 539 رنوں کا نشانہ تھا ۔ میزبان ٹیم نے تاہم آج کا کھیل ختم ہونے تک 169 رنوں کے عوض اپنے چار وکٹس گنوادئے ہیں۔ اسے جنوبی افریقہ کے خلاف ریکارڈ شکست کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ ایک جانب سے وکٹ سنبھالے ہوئے ہیں۔ وہ 58 رنوں پر اور مچل مارش 15 رنوں پر کھیل رہے تھے ۔ آج کی صورتحال سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ اس گراونڈ پر جنوبی افریقہ کا ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ مزید آگے بڑھے گا ۔ آسٹریلیا نے افریقہ کی جانب سے مقرر کردہ نشانہ کا تعاقب کرتے ہوئے اپنی دوسری اننگز میں پہلی وکٹ کی رفاقت میں 52 رن بنالئے تھے ۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر بہترین بیٹنگ کر رہے تھے ۔ وہ 35 رن بناسکے تاہم اس موقع پر افریقہ کے ٹیمبا باوما نے غیرمعمولی فیلڈنگ کرتے ہوئے انہیں رن آوٹ کردیا ۔ وارنر نے ایک گیند کو وہیں دباتے ہوئے سنگل لینے کی کوشش کی تھی لیکن باوما کور سے فیلڈنگ کرتے ہوئے یہاں پہونچے اور انہوں نے خود ہوا میںرہتے ہوئے طاقتور تھرو کیا اور وارنر رن آوٹ ہوگئے ۔ اس کے بعد کاگیسو ربادا نے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا سلسلہ شروع کیا اور انہوں نے 49 رنز خرچ کرتے ہوئے تین وکٹس حاصل کرلئے ۔ انہوں نے چمپئن فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کی غیر موجودگی میں بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا ہے ۔ ڈیل اسٹین کندھے کے زخم کی وجہ سے میدان سے باہر ہیں۔ وارنر کے آوٹ ہونے کے بعد دوسرے اوپنر شون مارش بھی 15 کے انفرادی اسکور پر آوٹ ہوگئے تھے ۔ دوسری سلپ میں ڈوپلیسی نے ان کا کیچ لیا ۔ میزبان ٹیم کے نئے بلے باز عثمان خواجہ کو پہلی ہی گیند پر آوٹ قرار دیا گیا تھا تاہم اس وقت فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کی گئی اور خواجہ کے حق میں فیصلہ ہوا ۔ اس موقع پر اسٹیون اسمتھ اور عثمان خواجہ نے اپنی ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی ۔ دونوں نے تیسری وکٹ کی رفاقت میں 92 رنز جوڑے تھے ۔ اس وقت رباڈا نے اسمتھ کو آوٹ کیا ۔ انہوںنے 34 رن بنائے تھے ۔ اس کے بعد جلدی ہی آدم ووکس ایک رن بناکر آوٹ ہوگئے ۔ جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز آٹھ وکٹس پر 540 رنز بناتے ہوئے ڈیکلر کردی تھی ۔ افریقہ کیلئے جے پی ڈومینی نے 141 اور ڈین ایلگر نے 127 رن بنائے تھے ۔ دونوں نے تیسری وکٹ کی رفواقت میں 250 رن جوڑے ۔

TOPPOPULARRECENT