Friday , July 28 2017
Home / کھیل کی خبریں / جنوبی افریقہ سنسنی خیز مقابلے میں تین رنز سے کامیاب

جنوبی افریقہ سنسنی خیز مقابلے میں تین رنز سے کامیاب

 

ٹونٹن ۔ 24جون (سیاست ڈاٹ کام )جنوبی افریقہ نے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کی جارحانہ بیٹنگ اور کرس مورس کی عمدہ بولنگ کی بدولت انگلینڈ کو دوسرے ٹی20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین رنز سے شکست دے کر سیریز1-1 سے برابرکردی۔ٹونٹن میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ریزا ہینڈریکس کی وکٹ کی صورت میں انہیں جلد ہی کامیابی مل گئی۔ٹریور اسمٹس اور منگالیسو موسیلے نے اسکور کو 57 تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر موسیلے 15 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے آتے ہی روایتی جارحانہ انداز اپنایا اور تیزی سے اسکور کو آگے بڑھایا لیکن دوسرے سرے سے اسمٹس 45 رنز بنانے کے بعد لیام ڈاسن کو وکٹ دے بیٹھے۔ڈی ویلیئرز نے 20 گیندوں پر تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 46 رنز کی اننگز کھیلی لیکن جنوبی افریقہ کو برا دھکا اس وقت لگا جب ڈی ویلیئرز اور ڈیوڈ ملر دونوں یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔اختتامی اوورز میں فرحان بہاردین نے 21 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو معقول مجموعے تک رسائی دلائی۔جنوبی افریقہ نے مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے۔جواب میں انگلش ٹیم ابتدا میں ہی سیم بلنگز کی خدمات سے محروم ہو گئی لیکن جیسن رائے اور جونی بیئراسٹو نے جنوبی افریقی بولروں کی خوب خبر لی۔دونوں کھلاڑیوں نے 110 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو جیت کیلئے بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا لیکن دونوں کھلاڑیوں کے یکے بعد دیگرے پویلین لوٹنے سے انگلش ٹیم مشکلات سے دوچار ہو گئی۔کرس مورس نے 47 رنز بنانے والے بیئراسٹو کو پویلین راہ دکھائی تو دوسرے سرے سے 45 گیندوں پر 67 رنز بنانے والے رائے فیلڈر کی جانب سے پھینکے جانے والی تھرو کے بیچ میں آنے کے مرتکب قرار پائے اور انہیں ’آبسٹرکٹنگ دی فیلڈ‘ کے قانون کے تحت آؤٹ قرار دیا گیا۔رائے ٹی20 کرکٹ میں اس قانون کے تحت آؤٹ قرار دیے جانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر ہیں۔ دو کامیابیوں کے بعد جنوبی افریقہ نے بہترین انداز میں واپسی کی اور انگلش ٹیم آخری 30 گیندوں پر 42 رنز بھی نہ بنا سکی۔انگلینڈ نے چھ وکٹ کے نقصان پر 171 رنز بنائے اورجنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین رنز سے فتح اپنے نام کر کے تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔کرس مورس کو 18 رنز کے عوض دو وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT