Saturday , August 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / جنوبی افریقہ کو 100 رنز کی شکست، ویسٹ انڈیز فائنل میں

جنوبی افریقہ کو 100 رنز کی شکست، ویسٹ انڈیز فائنل میں

برج ٹاؤن۔25 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز نے ڈیرن براوو کی تیسری ونڈے سنچری ‘فاسٹ بولر شینان گیبریل  اورسنیل  نارائن کی بہترین بولنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کو سہ رخی سیریز کے اہم میچ میں 100 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔برج ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر میزبان ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم ڈیرن براوو نے کیرون پولارڈ کے ساتھ مل کر ان کے فیصلے کو غلط ثابت کردیا۔ایک موقع پر ویسٹ انڈیز کی ٹیم 4/21 کی نازک صورتحال سے پریشان تھی ۔جنوبی افریقہ کے بولروں نے ابتدامیںشاندار مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو شدید دباؤ میں رکھا جس کے نتیجہ میں ویسٹ انڈیز کے چار اہم کھلاڑی 21 کے مجموعے پر پویلین لوٹ چکے تھے لیکن مشکل وقت میں براوو نے مردبحران کا کردار ادا کیا۔ڈیرن براوو نے چھٹی وکٹ پر کیرون پولارڈ کے ساتھ مل کر ٹیم کو دباؤ سے نکالتے ہوئے اسکور کو 177 رنز تک پہنچایا تاہم پولارڈ 62 رنز کی اچھی اننگز کھیلنے کے بعد مورکل کی گیند پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد براوو نے کپتان جیسن ہولڈر کے ساتھ مل کر اسکور کو مزید آگے بڑھایا۔ڈیرن براوو نے کیریئر کی تیسری سنچری مکمل کرتے ہوئے 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ان کی اننگز میں 12 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے، وہ آؤٹ ہونے والے چھٹے بیٹسمین رہے جبکہ ویسٹ انڈیز کا اسکور 210 رنز تھا۔

کریگ بریتھویٹ اور کپتان نے ٹیم کے اسکور کو 285 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ویسٹ انڈیز کی جانب ڈیرن براوو اور آل راؤنڈر پولارڈ کے علاوہ دیگر ابتدائی صف کے بیٹسمینس اہم میچ میں دوہرے ہندسے کو بھی عبور کرنے میں ناکام ہوئے۔ویسٹ انڈیز ٹیم آخری اوور میں 285 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، بریتھویٹ 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا اور کرس مورس نے فی کس 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقی ٹیم روایتی انداز میں فیصلہ کن میچ کے دباؤ کو برداشت کرنے میں ناکام ہوئی اور تمام بیٹسمین ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکے اور سات بیٹسمینس اسکور کو 100 رنز تک پہنچنے سے قبل ہی آؤٹ ہوچکے تھے۔ہاشم آملہ 16، فاف ڈوپلیسی 3 اور کپتان اے بی ڈی ولیئرز صرف دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم فرحان بہاردین نے کچھ مزاحمت کی اور35 رنز بنا کر شکست کے فرق کو کم کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا۔ فاسٹ بولر وین پارنل بولنگ میں ناکام ہوئے جبکہ بیٹنگ میں 28 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔ سنیل نارائن اور شینان گیبرئیل کی بولنگ کے سامنے مہمان ٹیم 185 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے سنیل نارائن اور گیبرئیل نے فی کس 3 اور بریتھویٹ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جیت کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز سریز کے فائنل میں پہنچ گئی جہاں اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔آسٹریلیا کی ٹیم سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ہی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ ڈیرن براوو کو شاندار بیٹنگ  پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سیریز کا فائنل 26 جون کو برج ٹاؤن میں ہی کھیلا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT