Thursday , March 30 2017
Home / کھیل کی خبریں / جنوبی افریقہ کیخلاف آج پہلا ونڈے ، نیوزی لینڈ ایک اور نمبرون ٹیم کیلئے تیار

جنوبی افریقہ کیخلاف آج پہلا ونڈے ، نیوزی لینڈ ایک اور نمبرون ٹیم کیلئے تیار

ہیملٹن ۔18 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) میزبان نیوزی لینڈ کی ٹیم جس نے چیاپل ۔ ہیڈلی سیریز میں ونڈے کی نمبر ایک ٹیم آسٹریلیا کیخلاف کامیابی حاصل کی تھی اب وہ کل یہاں کھیلے جانے والے پہلے ونڈے میں نئی نمبر ایک ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف بھی بہتر مظاہرہ کیلئے پرعزم ہے ۔ دوسری جانب جنوبی افریقی ٹیم اپنے ہی ریکارڈ کے برابری سے ایک اور قدم دور ہے ، جیسا کہ اُس نے سری لنکا کے خلاف سیریز میں 5-0 کی کامیابی حاصل کی ۔ وہ کل یہاں کھیلے جانے والے مقابلے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنا ریکارڈ برابر کرنا چاہتی ہے ۔ جنوبی افریقی ٹیم جس نے ایڈن پارک میں میزبان ٹیم کے خلاف کھیلے گئے واحد ٹوئنٹی 20 مقابلے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے شاندار فام کا ثبوت دیدیا ہے۔ اس مقابلے میں جہاں آفریقی فاسٹ بولروں نے حریف ٹیم کے ٹاپ آرڈر کو پریشان کیا تھا ، وہیں عمران طاہر نے پانچ وکٹیں حاصل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی ایک یادگار کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا۔ دونوں ٹیموں کی نظریں چمپیئنس ٹرافی پر مرکوز ہیں جوکہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کی وکٹوں پر کھیلی جائے گی ۔ یہ سیریز دونوں ہی ٹیموں کے لئے چمپیئنس ٹرافی سے قبل اپنے حالات کا تجزیہ کرنے کیلئے اہمیت کی حامل ہے ۔ ٹوئنٹی 20 میں کامیابی سے جنوبی افریقہ نے میزبان ٹیم کے خلاف نفسیاتی برتری حاصل کرلی ہے تو دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف حالیہ کامیابی کے بعد پرعزم ہے ۔ نیوزی لینڈ کیلئے سینئر بیٹسمین راس ٹیلر پھر ایک مرتبہ موضوع بحث رہے ، جنھیں ٹوئنٹی 20 مقابلے میں شامل نہیں کیا گیاتھا۔ وہ ونڈے میں بہتر مظاہرے کے ذریعہ ٹیم میں اپنی اہمیت کو ثابت کرنے کے خواہاں ہوں گے۔ کاگیسو رباڈا جنھیں ٹوئنٹی 20 میں آرام دیا گیا تھا ، جن کی عدم موجودگی میں مہمان ٹیم نے کامیابی حاصل کی ، تاہم ونڈے میں ان کی واپسی سے ٹیم کا بولنگ شعبہ مستحکم ہوگا ۔ دوسری جانب ونڈے کیلئے نیوزی لینڈ کا ٹاپ آرڈر مختلف شکل میں دکھائی دے رہا ہے کیونکہ مارٹن گپٹل کی عدم موجودگی میں ڈین برولین کو موقع دیا گیا ہے ۔ ٹیلر کپتان ولیمسن ، نیل برون اور جیمس نیشم میڈل آرڈر کی طاقت ہیں ۔ راس ٹیلر کو ونڈے میں 6,000 رنز مکمل کرنے کیلئے 51 رنز درکار ہیں اور وہ چوتھے نیوزی لینڈ کے بیٹسمین ہوں گے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT