Sunday , May 28 2017
Home / ہندوستان / جنوبی کشمیر میں خواتین کا شدید احتجاج، فورسز کی ہوائی فائرنگ

جنوبی کشمیر میں خواتین کا شدید احتجاج، فورسز کی ہوائی فائرنگ

تلاشی آپریشن کے دوران اعتراض پر گڑبڑ، احتجاج کے بعد سرچ آپریشن ختم کرنے کا اعلان
سری نگر ، 16مئی (سیاست ڈاٹ کام) سیکورٹی فورسز نے منگل کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع کلگام میں احتجاجی خواتین کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ کی۔ مقامی خواتین ضلع کے اوکے نامی گاؤں میں ’’کارڈن و تلاشی آپریشن‘‘ کے دوران سیکورٹی فورسز کی جانب سے کچھ مقامی دیہاتیوں کو زدوکوب کا نشانہ بنانے کے خلاف احتجاج کررہی تھیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع کلگام کے اوکے نامی گاؤں میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج ، جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) اور سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) نے آج صبح مذکورہ گاؤں کا محاصرہ کیا اور مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ جنگجوؤں کے فرار ہونے کے تمام راستے بند کرنے کی غرض سے گاؤں کو چاروں اطراف سے گھیر لیا گیا جبکہ مرد اراکین کو ایک مقامی اسپورٹس گراونڈ میں جمع ہونے کے لئے کہا گیا۔ تاہم جب مرد اراکین اسپورٹس گراونڈ میں جمع ہوئے تو خواتین نے احتجاج کرنا شروع کیا اور سیکورٹی فورسز پر مرد اراکین کو مارنے پیٹنے کا الزام عائد کیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے بعد میں آزادی حامی نعرے بازی اور آپریشن میں رخنہ ڈالنے کی مرتکب احتجاجی خواتین کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ کی۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے بعد ازاں مذکورہ گاؤں میں شروع کردہ ’’کارڈن و سرچ آپریشن‘‘کو ختم کرنے کا اعلان کیا۔ سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ دریں اثنا سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر چند ایک ویڈیوز نمودار ہوئی ہیں جن میں مذکورہ گاؤں (اوکے ) میں درجنوں خواتین کو سیکورٹی فورسز کی کارروائی کے خلاف چیخ و پکار اور اپنے بال نوچتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT