Monday , July 24 2017
Home / ہندوستان / جنوبی کشمیر کے پلوامہ میں ہڑتال دوسرے دن میں داخل

جنوبی کشمیر کے پلوامہ میں ہڑتال دوسرے دن میں داخل

سری نگر 6مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں حزب المجاہدین (ایچ ایم) سے وابستہ دو جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف پیر کو مسلسل دوسرے دن بھی ہڑتال رہی۔ جھڑپ کے دوران جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ کا ایک کانسٹیبل ہلاک جبکہ ایک میجر سمیت 5 سیکورٹی فورس اہلکار زخمی ہوگئے تھے ۔ ضلع پلوامہ کے ترال اور اس سے ملحقہ علاقوں میں آج دوسرے دن بھی دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔ سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں معمول کی سرگرمیاں متاثر رہیں۔ ضلع کے دوسرے حصوں میں جزوی ہڑتال رہی۔ تاہم بج بہاڑہ اور شوپیان میں دکانیں اور تجارتی مراکز کھلے رہے جبکہ سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں معمول کی سرگرمیاں جاری رہیں۔خیال رہے کہ ترال کے ہفو نازنین پورہ میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کو ہونے والی ایک جھڑپ میں حزب المجاہدین سے وابستہ دو جنگجو مارے گئے ۔ مارے گئے جنگجوؤں میں سے ایک پاکستانی شہری جبکہ دوسرے کی شناخت حزب المجاہدین کمانڈر عاقب عرف مولوی ساکنہ ترال کے بطور کی گئی تھی۔ جھڑپ میں جاں بحق ہونے والا پولیس کانسٹیبل منظور احمد ضلع بارہمولہ کے اوڑی کا رہنے والا تھا۔ دریں اثنا ترال سے موصولہ اطلاعات کے مطابق عاقب کے جلوس جنازہ میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ، جو جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے تھے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT