Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / جنوب مغربی مانسون کی کیرالا کی جانب پیشرفت

جنوب مغربی مانسون کی کیرالا کی جانب پیشرفت

تلنگانہ میں گرمی کی لہر مزید تین دن برقرار رہے گی،درجہ حرارت 46.4ڈگری

حیدرآباد۔/17مئی، ( سیاست نیوز) انڈومان نکوبار جزائر سے 16مئی کو مانسون کے ٹکرا جانے کے بعد اب جنوب مغربی مانسون اب کیرالا کی جانب پیشرفت کررہا ہے اور توقع ہے کہ یہ 29مئی تک کیرالا پہنچ جائے گا۔ ہندوستان میں مانسون سیشن کے آغاز کی سرکاری تاریخ یکم جون ہے۔ اس مرتبہ معمول سے دو یا تین دن کی تاخیر پر مانسون سرگرم ہوجائے گا۔ اس وقت مانسون کی شمالی حد دھیرے دھیرے پیشرفت کررہی ہے۔ کیرالا کے بعض علاقوں میں ماقبل مانسون بارش اور ژالہ باری شروع ہوگئی ہے۔ موسمی کیفیت سے واضح ہوتا ہے کہ 25 مئی کے بعد مانسون کی پہلی بارش کا آغاز ہوگا اور یہاں پر موسم موافق ہونے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے عہدیدار نے بتایا کہ اس سال مانسون کے وقت پر پہنچنے کی توقع کی جارہی تھی۔ ریاست تلنگانہ میں موجودہ گرمی کی لہر برقرار ہے اور آئندہ تین دن تک اس کی شدت برقرار رہے گی۔ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ کے تمام اضلاع میں چلچلاتی دھوپ کے ساتھ گرم لو بھی چلے گی۔ محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر وائی کے ریڈی نے بتایا کہ شمالی ساحلی آندھرا پردیش سے جنوبی ساحلی ٹاملناڈو تک گرم ہوائیں چل رہی ہیں تاہم تلنگانہ میں گرمی کی لہر سے کوئی راحت نصیب نہیں ہوگی۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں آج درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 42 ڈگری اور کم سے کم 29 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ میں آج کا دن شدید گرم ترین دن محسوس کیا گیا جہاں کا درجہ حرارت 44.6 ڈگری سیلسیس تھا۔ نلگنڈہ کے بعد مندروں کے ٹاؤن بھدراچلم میں بھی آج 44.2 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر کئی ٹاؤنس میں اعظم ترین درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس رہا۔ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ کے تمام اضلاع میں گرمی کی لہر جاری رہے گی اور بعض مقامات پر ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے۔

TOPPOPULARRECENT