Monday , October 23 2017
Home / ہندوستان / جوابدہی کے ملکی اداروں پر ضربِ کاری مودی حکومت پر نامور وکیل پرشانت بھوشن کا الزام

جوابدہی کے ملکی اداروں پر ضربِ کاری مودی حکومت پر نامور وکیل پرشانت بھوشن کا الزام

جئے پور، 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نامور وکیل اور سماجی جہد کار پرشانت بھوشن نے آج یہ الزام عائد کیا ہے کہ مرکز میں برسر اقتدار این ڈی اے حکومت جوابدہی کے اداروں کو تباہ کررہی اور فاشزم کو فروغ دے رہی ہے۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ مودی حکومت چیف ویجلنس کمیشن، چیف انفارمیشن کمیشن اور دیگر اداروں کو تباہ کرنے کی ممکنہ کوشش کررہی ہے۔ بھوشن نے یہ دعویٰ کیاکہ این ڈی اے حکومت میں بھی کرپشن پایا جاتا ہے لیکن بے نقاب ہونے کیلئے کچھ وقت درکار ہوگا۔ انھوں نے کہاکہ صدر جے این یو اسٹوڈنٹس یونین کنہیا کمار کو بغاوت کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا لیکن بی جے پی اور حکومت کے کارندوں کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی جنھوں نے اس کیس میں فرضی ویڈیو استعمال کیا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ مرکزی وزیر رام شنکر کٹھاریہ نے اشتعال انگیز بیانات دیئے ہیں لیکن ان کے خلاف بھی کوئی ایف آئی آر درج نہیں کیا گیا اور نہ ہی انھیں کابینہ سے برطرف کیا گیا، جس سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ بی جے پی، آر ایس ایس اور ملحقہ تنظیمیں اور حکومت اب فاشزم کی تائید میں کھل کر سامنے آگئے ہیں۔ اگرچہ وزیراعظم مودی اس طرح کے تنازعات سے دور رہتے ہیں لیکن جے این یو واقعہ میں اُن کی حکومت بے نقاب ہوگئی ۔

TOPPOPULARRECENT