Tuesday , August 22 2017
Home / ہندوستان / جواہر لال نہرو قدیم اقدار و روایات کو ختم کرنے کے خواہاں تھے

جواہر لال نہرو قدیم اقدار و روایات کو ختم کرنے کے خواہاں تھے

درآمد کردہ بیرونی نظریات مسلط کرنے کی کوششوں کو دین دیال اُپادھیائے نے ناکام بنایا ، ملک اب محفوظ ہاتھوں میں: امیت شاہ
پونے ۔ 6 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی امیت شاہ نے جواہر لال نہرو پر شدید تنقید کرتے ہوئے آج کہا کہ ملک کے پہلے وزیراعظم کا قوم کی تعمیر کا منصوبہ قدیم روایات کو ترک کرتے ہوئے ان کی جگہ درآمد کردہ نظریات کو مسلط کرنے پر مبنی تھا اور جن سنگھ لیڈر دین دیال اُپادھیائے نے قدیم ہندوستانی اقدار کے تحفظ کیلئے سخت محنت کی ۔ امیت شاہ نے کہا کہ جواہر لال نہرو کا قومی تعمیر کانظریہ قدیم اقدار و روایات پر مبنی نہیں تھا اور غیرملکی نظریات کو درآمد کیا جارہا تھا لیکن پنڈت دین دیال اُپادھیائے وہی قدیم روایات اور اقدار کے تحفظ پر یقین رکھنے والوں میں سے تھے جس کی وجہ سے بھارتیہ جن سنگھ کا قیام کی راہ ہموار ہوئی اور بعد میں یہی بی جے پی میں تبدیل ہوئی ۔ صدر بی جے پی آج اُپادھیائے کی سوانح حیات ’’راشٹر درشٹا‘‘ کی رسم اجراء تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ انھوں نے کہاکہ جدوجہد آزادی کے دوران مختلف نظریات سے وابستہ افراد نے آزادی کیلئے لڑائی میں حصہ لیا لیکن آزادی کے بعد اس کا سارا سہرہ کانگریس کے سر باندھا گیا۔ کانگریس نے جواہر لال نہرو کو ملک کا وزیراعظم بنایا جن کا بیرونی نظریات کو ملک میں برآمد کرنے پر یقین تھااور انھوں نے قدیم اقدار و روایات کو قوم کی تعمیر کے عمل میں ناقابل عمل تصور کر رکھا تھا ۔ انھوں نے کہاکہ دین دیال اُپادھیائے اور دیگر ارکان نے قوم کی تعمیر کیلئے روڈ میاپ کا مسودہ تیار کرنے میں انتھک جدوجہد کی ۔ یہ روڈ میاپ ہندوستانی اقدار اور روایات کی بنیاد پر تھا جسے جواہر لال نہرو ختم کرنے کی کوشش کررہے تھے ۔ اسی جدوجہد کے نتیجہ میں بھارتیہ جن سنگھ کا قیام عمل میں آیا ۔ یہی بھارتیہ جنتا پارٹی کی حقیقی شناخت تھی ۔ بعد ازاں جن سنگھ ہی بی جے پی میں تبدیل ہوگئی اور آج یہ ملک کی سب سے بڑی پارٹی بن کر اُبھری ہے اور وہ اُپادھیائے کے بتائے ہوئے راستے پر چل رہی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ملک اب ’’محفوظ ہاتھوں ‘‘ میں ہے اور ہماری قدروں و روایات کو فراموش کئے بغیر عالمی لیڈر بننے جارہا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ اس تبدیلی کی بنیاد اُپادھیائے کے نظریات پر قائم ہے ۔

TOPPOPULARRECENT