Saturday , September 23 2017
Home / ہندوستان / جواہر لعل نہرو کی یوم پیدائش تقریب

جواہر لعل نہرو کی یوم پیدائش تقریب

صدر جمہوریہ ، وزیراعظم اور کانگریس قائدین کا خراج عقیدت
نئی دہلی ۔ 14 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : صدرجمہوریہ پرنب مکرجی اور وزیراعظم نریندر مودی نے آج ملک کے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو کو 127 ویں یوم پیدائش کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے قوم کی قیادت کی ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ٹوئٹ پر کہا کہ پنڈت نہرو کو ان کی یوم پیدائش کے موقع پر خراج عقیدت پیش ہے ۔ علاوہ ازیں نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری ، سابق وزیر منموہن سنگھ ، نائب صدر کانگریس راہول گاندھی ، دہلی کی سابق چیف منسٹر شیلا ڈکشٹ نے نہرو کی یادگار ’ شانتی ون ‘ پر گلہائے عقیدت پیش کیا ۔ اجتماع کے اختتام پر ممتاز شخصیتوں نے ترنگوں سے مزین غبارے چھوڑے اور اسکولی بچوں نے حب الوطنی کے گیت پیش کئے ۔ واضح رہے کہ جواہر لعل نہرو 14 نومبر 1889 کو الہ آباد میں موتی لعل نہرو اور سوروپ رانی کے گھر پیدا ہوئے اور ہر سال ان کی یوم پیدائش کے موقع پر ملک بھر میں یوم اطفال منایا جاتا ہے جب کہ ان کی موت 1964 میں ہوئی تھی ۔ دریں اثناء راجیہ سبھا کے نائب صدر نشین پی جے کواین ، اپوزیشن لیڈر ( راجیہ سبھا ) غلام نبی آزاد اور سابق نائب وزیراعظم اور صدر نشین اخلاقیات کمیٹی ایل کے اڈوانی کے علاوہ متعدد سابق اور موجودہ ارکان پارلیمنٹ لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے سکریٹریز جنرل انوپ مصرا اور شمشیر کے شیرف بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ پنڈت نہرو کی سوانح حیات پر مشتمل ایک کتابچہ جسے ، لوک سبھا سکریٹریٹ نے ہندی اور انگریزی میں شائع کیا ہے ۔ تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں منعقدہ تقریب میں اسپیکر ماہجن ، مرکزی وزراء راجناتھ سنگھ ، ارون جیٹلی ، ایم وینکیا نائیڈو ، اننت کمار ، اور مختار عباس نقوی نے پنڈت نہرو کے پورٹریٹ پر عقیدت کے پھول نچھاور کیے ۔ اس پورٹریٹ کی 5 مئی 1966 کو اس وقت کے صدر جمہوریہ ایس رادھا کرشنن نے نقاب کشائی کی تھی ۔۔

TOPPOPULARRECENT