Thursday , October 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / جونیر ہاکی ورلڈ کپ : انڈیا 15 سالہ تعطل توڑنے کوشاں

جونیر ہاکی ورلڈ کپ : انڈیا 15 سالہ تعطل توڑنے کوشاں

ایف آئی ایچ ایونٹ کا آج دارالحکومت اُترپردیش میں آغاز، گورنر رام نائک افتتاح کریں گے
لکھنو ، 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے دارالحکومت  لکھنو میں اگلے 11دنوں تک ہاکی کاسنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملے گا جہاں جمعرات سے مَردوں کے جونیر ہاکی ورلڈ کپ جیسے بڑے انعقاد کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس میں دنیا کی اعلیٰ ٹیمیں خطاب کی دوڑ میں شامل ہوں گی۔ ہندوستان کی میزبانی میں دوسری بار ہو رہے جونیر ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کیلئے نوابوں کے شہر میں خاص انتظامات کئے گئے ہیں جہاں ہندوستانی ٹیم دوسری بار خطاب حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔ اس سے پہلے سال 2013ء میں ہندوستان نے دہلی میں اس ٹورنمنٹ کی میزبانی کی تھی جس میں کرسٹوفر رور کی جرمن ٹیم نے مسلسل دوسری بار خطاب جیتا تھا۔ جرمن ٹیم اپنے مسلسل تیسرے اور کل ساتویں ورلڈ کپ خطاب کیلئے اس بار بھی بڑے دعویداروں میں شامل ہے ۔تاہم ویزا کی وجہ سے ہندوستان کی روایتی حریف پاکستان اس بار ٹورنمنٹ میں حصہ نہیں لے پائی اور اس کی جگہ بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے ملائیشیا کو شامل کیا ہے ۔ ایشین چمپئن انڈیا کے پاس مانوس پرحالات اور حمایت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خطاب جیتنے کا موقع رہے گا۔ ہندوستان سال 2001ء میں ورلڈ کپ چیمپئن بنا تھا۔ ملک کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست یو پی پہلی بار اس بین الاقوامی ٹورنمنٹ کی میزبانی کر رہی ہے ۔ یہاں ناظرین کی بڑی تعداد کے میچ دیکھنے آنے کی امید ہے ۔ ریاست کے گورنر رام نائک جمعرات کی شب چمپئن شپ کا افتتاح کریں گے جس کے بعد میزبان ٹیم کینیڈا کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ اس سے پہلے تین اور میچ کے پہلے دن کھیلے جائیں گے۔ چیف منسٹر اکھلیش یادو 18 ڈسمبر کو آخری دن فاتح ٹیموں کو ایوارڈ سے نوازیں گے ۔ ریاستی حکومت نے بھی چیمپئن شپ کیلئے کافی تیاریاں کی ہیں جو اس ٹورنمنٹ کی اہم اسپانسر بھی ہے ۔ اس لئے اس کو یو پی جونیر ہاکی ورلڈ کپ کا ٹائٹل دیا گیا ہے ۔ کھیل کے مقام دھیان چند اسٹیڈیم کے گرو گوبند سنگھ ایسٹرو ٹرف کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ میزبان جونیر ٹیم بھی اپنے میدان پر زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے یہاں گزشتہ 15یوم سے تیاریوں میں مصروف ہے ۔ ہندوستانی سینئر مینس ٹیم کے چیف کوچ رولنٹ اولٹمنس بھی جونیر ٹیم کے کوچ ہریندر سنگھ کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور لگاتار کھلاڑیوں کو پوری صلاحیت اور یکسوئی کے ساتھ کھیلنے کے بارے میں بتا رہے ہیں۔ اس ایونٹ کو 100ممالک میں اسٹار اسپورٹس پر نشر کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT