Tuesday , August 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / جوکووِچ انڈین ویلس اوپن کے فائنل میں

جوکووِچ انڈین ویلس اوپن کے فائنل میں

نڈال کو سیمی فائنل میں سخت جدوجہد کے بعد ایک اور شکست کا سامنا
انڈین ویلس (کیلیفورنیا)۔ 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نواک جوکووِچ نے بی این پی پریباس اوپن کے سیمی فائنل میں سخت جدوجہد کے بعد رافیل نڈال کے خلاف کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ نڈال کے خلاف جوکووچ نے 7-6 ، 6-2 سے کامیابی حاصل کی۔ دونوں کھلاڑیوں نے انتہائی سخت مقابلہ کیا جس کا اندازہ اس بات سے ہوتا ہے کہ پہلا سیٹ ایک گھنٹہ سے زائد تک چلتا رہا۔ نڈال کے خلاف جوکووچ کی یہ مسلسل پانچویں کامیابی ہے۔ وہ نڈال کے خلاف کیریئر میں سبقت حاصل کرنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ نڈال کے خلاف جوکووچ کو فرنچ اوپن کے فائنل میں 2014ء میں شکست ہوئی تھی۔ انڈین ویلس سیمی فائنل میں بھی انہیں پہلے ہی سیٹ میں شکست کا خطرہ تھا، تاہم ایک گھنٹہ سے زیادہ جدوجہد کے بعد بالآخر جوکووچ کامیاب رہے۔ دوسرے سیٹ میں تاہم نڈال حوصلہ برقرار نہیں رکھ سکے اور انہیں بہ آسانی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ حالیہ عرصہ میں نڈال فٹنس کے مسائل کا شکار رہے۔ انہوں نے 2015ء کے سیزن میں انتہائی ناقص مظاہرہ کیا تھا۔ دوسرے سیٹ میں جوکووچ کے خلاف انہوں نے کئی غلطیاں کیں۔ اس کامیابی کے بعد جوکووچ فائنل میں کینیڈا کے میلوس راؤنک سے مقابلہ کریں گے۔ راؤنک نے بیلجیم کے ڈیوڈ بوفنگ کو 6-3، 3-6، 6-3 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ اُمید کی جارہی ہے کہ فائنل میں بھی راؤنک اور جوکووچ کا مقابلہ سخت اور جدوجہد سے بھرپور رہے گا۔ 25 سالہ راؤنک اپنے کیریئر کے تیسرے ماسٹرس فائنل میں پہونچے ہیں تاہم وہ ابھی تک خطاب سے محروم ہیں۔

TOPPOPULARRECENT