Wednesday , August 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / جوکووچ ومبلڈن میں خطاب کے لئے پر عزم

جوکووچ ومبلڈن میں خطاب کے لئے پر عزم

لندن ۔3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )سابق عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے ایسٹ بورن انٹرنیشنل کے فائنل میں فرنچ کھلاڑی گائل مونفلز کو شکست دے کر ومبلڈن میں کامیابی کی امیدوں کو بحال کردیا ہے جبکہ خواتین کے فائنل میں چیک جمہوریہ کی کھلاڑی کیرولینا پلسکووانے کامیابی حاصل کی۔سربیا سے تعلق رکھنے والے جوکووچ نے ایسٹ بورن ٹینس کے فائنل میں گائل مونفلز کو 6-3 اور 6-4 شکست دے دی اور یہ ان کی رواں سال کے آغاز میں قطر اوپن میں فتح کے بعد دوسری کامیابی ہے۔کامیابی کے بعد جوکووچ نے کہا کہ امید ہے کہ جوکارکردگی میں نے یہاں دکھائی ہے اس کو برقرار رکھوں، اس سے ومبلڈن کے لیے اعتماد کی سطح بہتر ہوئی ہے۔جوکووچ نے سات سال بعد گراس کورٹ میں کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا جہاں انھوں نے فائنل میں مونفلز کے خلاف میچ کے آغاز سے ہی اپنی گرفت مضبوط رکھی۔خیال رہے کہ گزشتہ سال بدترین کارکردگی کے باعث جوکووچ کو عالمی نمبر ایک مقام سے ہاتھ دھونا پڑا تھا جبکہ رواں سال کے آغاز میں قطر اوپن میں کامیابی کے بعد تمام بڑے ایونٹس میں انھیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔جوکووچ کو رواں سال فرنچ اوپن کے کوارٹر میں شکست ہوئی تھی جس کے بعد انھوں نے ومبلڈن سے قبل ایسٹ بورن ایونٹ میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا۔اپنے کیریئر میں 68 واں خطاب حاصل کرنے والے جوکووچ تین مرتبہ ومبلڈن چمپیئن رہ چکے ہیں، انھوں نے 2011،2014 اور 2015 میں چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔دوسری جانب خواتین کے مقابلوں میں چیک جمہوریہ کی کیرولینا پلسکووا نے ڈنمارک کی سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی دفاعی چمپئن کیرولین ووزنیاکی کو 6-4 اور 6-4 سے شکست دے کر سال کا چوتھا خطاب حاصل کیا۔ایسٹ بورن ٹائٹل پلسکوواکے کیریئر کا نواں خطاب ہے۔چمپیئن بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں اس مرتبہ ٹرافی حاصل کرنے پر بہت خوش ہوں اور مجھے گراس کورٹ پر اچھا محسوس ہوا۔

TOPPOPULARRECENT