Tuesday , October 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / جوکووچ کی پیشقدمی، وکٹوریہ میڈرڈ اوپن سے دستبردار

جوکووچ کی پیشقدمی، وکٹوریہ میڈرڈ اوپن سے دستبردار

میڈرڈ ۔ 5 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ نے ایک باآسان کامیابی کے ذریعہ میڈرڈ اوپن کے تیسرے مرحلہ میں رسائی حاصل کرلی ہے جیسا کہ انہوں نے آج حریف کھلاڑی بورنا کورک کو 6-2 ، 6-2 سے شکست دی۔ جوکووچ جنہوں نے 2013ء کے بعد میڈرڈ اوپن میں شرکت نہیں کی تھی، وہ آج چار مرتبہ دوہری غلطی کرنے کے باوجود اپنی سرویس پر قابو پاتے ہوئے کورک کو شکست دی۔ مقابلہ کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے جوکووچ نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ پریکٹس سیشن میں ان کی سرویس بہتر تھی جبکہ مقابلہ کے دوران پہلے سیٹ میں سب کچھ بہتر تھا لیکن دوسرے سیٹ میں سرویس ناقص رہی۔ جوکووچ کو یہاں 2011ء میں خطاب حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے جب انہوں نے فائنل میں رافل نڈال کو شکست دی تھی۔ جوکووچ کا اگلے مرحلہ میں مقابلہ روبیریٹو بوٹسٹا سے ہوگا۔ دیگر مقابلو ںمیں آسٹریلیا کے نک کائرگوئس نے سابق آسٹریلین چمپیئن اسٹانسلس واورنکا کو 7-6(2) ، 7-6(7) سے شکست دی۔ خاتون زمرہ کے مقابلوں کے دوران سابق عالمی نمبر ایک وکٹوریہ ایزرنکا نے پیٹھ میں تکلیف کے باعث ٹورنمنٹ سے دستبرداری اختیار کی ہے۔ ایزرنکا کو نظام العمل کے مطابق امریکی کھلاڑی لوسیا چیریکو کے خلاف مقابلہ کھیلنا تھا لیکن انہوں نے اپنے بیان میں کہہ دیا کہ وہ نہیں سمجھتی کہ پیٹھ کی تکلیف کے باعث مقابلہ میں شرکت کر پائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیزن کو دیکھتے ہوئے دستبرداری کا فیصلہ بہتر ہے ۔ خاتون زمرہ میں شائقین کو ایک اور مایوسی اس وقت ہوئی جب خطاب کی دعویدار پیٹرا کیویٹوا کو آسٹریلیا کی 22 سالہ داریا نے 6-3 ، 6-4 سے شکست دی ۔

TOPPOPULARRECENT