Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / جوکویچ کو ریکارڈ 29واں ماسٹرز ٹائٹل ، اینڈی مرے ناکام

جوکویچ کو ریکارڈ 29واں ماسٹرز ٹائٹل ، اینڈی مرے ناکام

میڈرڈ ، 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نواک جوکویچ نے اینڈی مرے کو 6-2، 3-6، 6-3 سے شکست دے کر میڈرڈ اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ ریکارڈ 29ویں مرتبہ ماسٹرز ٹائٹل جیتا ہے۔ میڈرڈ میں دونوں روایتی حریفوں نے اپنی دیرینہ مخاصمت کا احیاء کیا، جہاں دس سال قابل اس ایونٹ کے راؤنڈ آف 16 میں دونوں کے باہمی مقابلوں کا آغاز ہوا تھا۔ جوکویچ نے روایتی انداز میں جارحانہ طریقے سے میچ کا آغاز کیا اور پہلا سٹ 6-2 کے یکطرفہ مقابلے کے بعد اپنے نام کر لیا۔ لیکن ڈیفنڈنگ چمپئن مرے نے شاندار انداز میں میچ میں واپسی کی اور دوسرے سٹ میں 6-3 سے کامیابی حاصل کر کے مقابلہ 1-1 سٹ سے برابر کردیا۔ تیسرے سٹ میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان بہترین مقابلہ دیکھنے کو ملا لیکن جوکویچ نے اپنے بہترین کھیل کی بدولت مرے پر سبقت برقرار رکھتے ہوئے 6-3 سے سٹ جیت کر میڈرڈ اوپن کا ٹائٹل جیت لیا۔ جوکویچ کے شاندار کھیل کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ میچ کے آخری گیم میں انہوں نے 7  بریک پوائنٹس بچائے اور فتح کا تاج سر پر سجا لیا۔ اس ٹائٹل کے ساتھ ہی عالمی نمبر ایک سربیائی اسٹار نے سب سے زیادہ 29 مرتبہ ماسٹرز ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ اس سے قبل یہ اعزاز 28 ایونٹ جیتنے والے اسپینی رفائل نڈال کے پاس تھا۔ واضح رہے کہ 2014ء سے اب تک جوکویچ نے مرے کو 14 میں سے 13 مقابلوں میں شکست دے کر اپنی سبقت برقرار رکھی اور مجموعی ٹریک ریکارڈ کے تحت 32 میں سے 23 میں جوکویچ فاتح رہے جبکہ 9 میں برطانوی اسٹار نے کامیابی حاصل کی۔ اب جوکویچ کی نظریں اگلے ہفتے شروع ہونے والے روم ماسٹرز کے ٹائٹل پر مرکوز ہیں جس کے بعد وہ فرنچ اوپن میں شرکت کریں گے۔ 28 سالہ اینڈی اس شکست کے بعد عالمی رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر بھی نہیں اور اُن کی جگہ راجر فیڈرر نے حاصل کر لی ہے۔ میچ کے بعد اینڈی مرے نے کہا: ’’بد قسمتی سے نواک جوکویچ نے میرے خلاف گزشتہ دو سال میں کافی کامیابیاں حاصل کی ہیں لیکن انھوں نے بہت کچھ کیا ہے اور وہ اس جیت کے حقدار ہیں۔‘‘

TOPPOPULARRECENT