Sunday , August 20 2017
Home / Top Stories / جوکویچ کو سکنڈ راؤنڈ میں شکست ، آسٹریلین اوپن میں بڑا جھٹکہ

جوکویچ کو سکنڈ راؤنڈ میں شکست ، آسٹریلین اوپن میں بڑا جھٹکہ

ملبورن ، 19 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ڈیفنڈنگ چمپئن نواک جوکویچ آسٹریلین اوپن کے سکنڈ راؤنڈ میں آج بڑے جھٹکے میں غیرمعروف ازبیک ڈینس ایستومن کے ہاتھوں سنسنی خیز انداز میں ناک آؤٹ ہوگئے۔ 117 ویں رینک والے ایستومن نے چھ مرتبہ کے ونر کو راڈ لیور اَرینا پر 4 گھنٹے 48 منٹ کی بہت ہی سخت مسابقت میں 7-6(10/8)، 5-7، 2-6، 7-6(7/5)، 6-4 سے خارج کردیا۔ یہ عالمی نمبر دو کا ومبلڈن 2008ء کے بعد سب سے عاجلانہ گرانڈ سلام اخراج ہے، جب انھیں مرات سافن نے بھی دوسرے راؤنڈ میں ہی ہرایا تھا۔ یہ جوکویچ کی سات سال میں ٹاپ 100 سے باہر کے کسی حریف کھلاڑی کے مقابل بھی دوسری ناکامی ہے، جیسا کہ وہ گزشتہ سال کے ریو اولمپکس میں 145 ویں رینک کے حامل یوان مارٹن ڈیل پوٹرو کے مقابل ناکام ہوئے تھے۔ میچ کے بعد واضح طور پر حیرت زدہ جوکویچ نے کہا، ’’اُس نے واقعی اپنے لیول سے برتر کھیل پیش کیا۔ وہ تمام تر تعریف کا مستحق ہے۔ آج کئی چیزیں اُس کیلئے بہ یک وقت سازگار ہوئیں۔ وہ بجا طور پر فاتح ہے، جس میں کوئی شبہ نہیں۔ اہم موقعوں پر اُس نے بہتر کھیل پیش کیا۔ میں زیادہ کچھ نہیں کرپایا۔ ایستومن جنھیں ڈسمبر میں ایشیا وائلڈ کارڈ پلے آف کے ونر کی حیثیت سے مین ڈرا میں جگہ ملی، انھوں نے کہا کہ یہ اُن کے کریئر کا نقطہ عروج ہے۔ ’’یہ میرے لئے سب سے بڑی جیت ہے، اور میں اسے اونچا درجہ دیتا ہوں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا: ’’میں نواک کیلئے دکھ محسوس ہوا۔ میں نے آج بہت اچھا کھیلا۔ میرا مطلب ہے، میں نے آج خود کو حیران کیا ہے۔‘‘ دریں انثاء ویمنس سنگلز سیکشن میں یوہانا کونتا نے سابقہ عالمی نمبر 1 کیرولین ووزنیاکی کے خلاف تھرڈ راؤنڈ کا مقابلہ طے کرلیا ہے جو زبردست مسابقت ثابت ہونے کی توقع ہے کیونکہ دونوں کھلاڑی بہت اچھے ردھم میں دکھائی دے رہی ہیں۔ برطانوی نویں سیڈ جنھوں نے گزشتہ سال سیمی فائنلز تک رسائی کے ذریعے اپنے کامیاب سیزن کی شروعات کی تھی ، 19 سالہ جاپانی ہاؤمی اوساکا کو راڈ لیور ارینا پر 6-4، 6-2 سے شکست دی۔ ڈنمارک کی ووزنیاکی نے اسی کورٹ پر کونتا کے بعد والا مقابلہ کھیلتے ہوئے کروشیا کی ڈونا ویکچ کو 6-1، 6-3 سے بہ آسانی ہرایا۔ دونوں کھلاڑی اولین گرانڈ سلام ٹائٹل کیلئے کوشاں ہیں جبکہ ہفتہ کو اُن کے میچ کی فاتح کو چوتھے راؤنڈ میں ممکنہ طور پر چھٹی سیڈ ڈومنیکا سیبولکوا اور پھر کوارٹرز میں سرینا ولیمز سے کھیلنا پڑے گا۔

TOPPOPULARRECENT