Friday , August 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / جوکویچ کو فرنچ اوپن ٹائٹل ، ٹینس میں 47 سال بعد منفرد فتح

جوکویچ کو فرنچ اوپن ٹائٹل ، ٹینس میں 47 سال بعد منفرد فتح

پیرس ، 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبرایک ٹینس اسٹار نواک جوکویچ نے فرنچ اوپن کے فائنل میں برطانوی اینڈی مرے کو شکست دے کر ٹینس کی تاریخ میں 47 سال بعد ایک ہی وقت میں چاروں گرانڈ سلام چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں اتوار کو کھیلے گئے فرنچ اوپن کے فائنل میں جوکویچ اور اینڈی مدمقابل آئے۔ جوکویچ نے اینڈی کو سخت مقابلے کے بعد 3-6، 6-1، 6-2، 6-4 سے شکست دے کر پہلی دفعہ فرنچ اوپن اپنے نام کیا جبکہ وہ ٹینس کی تاریخ میں ایک ہی وقت میں چاروں گرانڈ سلام چمپئن بننے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ امریکہ کے ڈان بڈج نے 1938ء اور آسٹریلیا کے راڈ لیور نے 1962ء اور 1969ء میں فرنچ اوپن، آسٹریلین اوپن، یو ایس اوپن اور ومبلڈن سمیت چاروں گرانڈ سلام چمپئن بننے کا ریکارڈ بنایا تھا۔ سربیا سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ اسٹار نے فرنچ اوپن میں پہلی دفعہ کامیابی حاصل کرنے کے بعد کہا: ’’جب میں نے انھیں دوسری دفعہ زیر کیا اور چوتھے راؤنڈ میں 5-2 کی برتری حاصل کی تو میرے جذبات ایسے تھے کہ مجھے ہنسی آرہی تھی۔ مجھے واقعی زیادہ دباؤ محسوس نہیں ہو رہا تھا، ہوسکتا اس لئے کہ میں نے چیزوں کو کچھ زیادہ آسان سمجھ لیا تھا اور ہارے ہوئے گیم کو 5-2 کردیا تھا‘‘۔ جوکویچ اس سے قبل تین دفعہ فرنچ اوپن میں فتح کے قریب آکر ناکامی سے دوچار ہوئے تھے۔ اس بارے میں انھوں نے کہا کہ ’’یہ لمحہ میرے لئے بہت خاص رہا اور میرے کریئر کیلئے سب سے بڑا لمحہ ۔ مجھے اتنی خوشی اس سے قبل کبھی نہیں ہوئی جو یہاں رولینڈ گیروس میں ہوئی ہے۔ میں نے تماشائیوں کی محبت کو بھی محسوس کیا‘‘۔ اینڈی مرے نے اس موقع پر کہا: ’’جوکویچ نے گزشتہ بارہ مہینوں کے دوران جوکچھ حاصل کیا ہے وہ غیرمعمولی ہے۔ ایک سال میں تمام گرانڈ سلام جیتنا منفرد کامیابی ہے جو ٹینس میں عام نہیں‘‘۔

TOPPOPULARRECENT