Tuesday , September 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / جو روٹ انگلینڈ کے سال کے بہترین کھلاڑی

جو روٹ انگلینڈ کے سال کے بہترین کھلاڑی

لندن ، 17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے سالانہ ایوارڈز میں نوجوان بلے باز جو روٹ نے مسلسل دوسری مرتبہ سال کے بہترین کھلاڑی سمیت تین ایوارڈز جیت لئے۔ روٹ نے ٹسٹ اور ونڈے کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز جیتا اور انگلینڈ کے مداحوں نے اپنے ووٹ کے ذریعے انھیں بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کا حق دار بھی قرار دیا۔ انھوں نے میڈیا پول کے ذریعے ٹسٹ کے بہترین کھلاڑی کیلئے اسٹوارٹ براڈ اور بن اسٹوکس جبکہ ونڈے میں جوز بٹلر اور ڈیوڈ ویلی کو پیچھے چھوڑ دیا۔ روٹ نے مسلسل دوسرے سال انگلینڈ کے سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کیا ہے۔ انھوں نے سال میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشنر سیریز میں دو سنچریاں بناکر انگلینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ونڈے کرکٹ میں سال میں چار سنچریاں بنائیں۔ روٹ نے رواں سال منعقدہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کیلئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایونٹ کے سب سے زیادہ رنزبنانے والے بلے باز بنے۔ انگلینڈ کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں ویسٹ انڈیز کے مقابل شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انگلینڈ ویمنز ٹیم کی بولر آنیا شربسول کو ویمنز کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ سابق کپتان شارلٹ ایڈورڈز کو ’فینز ویمنز پلیئر آف دی ایئر‘ قراردیا گیا۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے سی ای او ٹام ہیریسن نے کہا کہ ہماری ٹیموں کیلئے یہ سال شاندار رہا۔ انھوں نے کہا کہ ویمنز ایشنر میں ریکارڈ تماشائیوں نے میدان کا رُخ کیا جبکہ مردوں کی ٹیم نے ایشنر میں ایک دفعہ پھر آسٹریلیا کو شکست دی۔ جنوبی افریقہ کے خلاف اہم سیریز میں کامیابی حاصل کی اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل تک رسائی پائی۔ معذوروں کی ٹیم نے ورلڈ کپ جیتا۔

TOPPOPULARRECENT