Thursday , August 17 2017
Home / دنیا / جکارتہ ایئر پورٹ پر دو طیاروں کی ٹکر

جکارتہ ایئر پورٹ پر دو طیاروں کی ٹکر

جکارتہ ۔ 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ کے ہوائی اڈے پر دو طیاروں کے آپس میں ٹکرانے کے نتیجے میں ایک طیارے کے پر میں آگ لگ گئی۔ تفصیلات کے مطابق باتک ایئر کے ایک مسافر طیارے کا پر اڑان بھرنے کے دوران ٹرانس نوسا طیارے کی دم میں پھنس گیا جو اسی وقت رن وے پر اترا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ پیر کو ہوئے  اس واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے اور تمام مسافروں کو بحفاظت طیارے سے اتار لیا گیا ہے۔ ہوائی سفر کی صنعت میں ترقی کے باوجود محفوظ سفر کے لیے کی جانے والی احتیاطی تدابیر میں انڈونیشیا کا ریکارڈ، خاص طور پر سستی ہوائی کمپنیوں کے معاملے میں خاصا خراب رہا ہے۔ یہ واقعہ جکارتہ کے ڈومیسٹک ایئر پورٹ پر پیش آیا جہاں زیادہ تر اندرون ملک پروازوں کی آمد و رفت جاری رہتی ہے۔ باتک ایئر کے طیارے میں 49 مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے۔ باتک ایئر کی نمائندہ کمپنی لائن ایئر گروپ کے ترجمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جہاز کے کپتان نے ٹکر کے بعد ٹیک آف روک دیا تھا اس لیے مسافر اور عملہ محفوط رہے۔

TOPPOPULARRECENT