Tuesday , April 25 2017
Home / شہر کی خبریں / جگر کے عارضہ کا شکار غریب لڑکے کے علاج کیلئے 20 لاکھ امداد

جگر کے عارضہ کا شکار غریب لڑکے کے علاج کیلئے 20 لاکھ امداد

سوشیل میڈیا سے وزیر آئی ٹی تلنگانہ کے ٹی آر تک رسائی پر انسانی ہمدردی
حیدرآباد۔/19نومبر، ( سیاست نیوز) انسانی ہمدردی کے ذریعہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے ایک غریب لڑکے کے علاج کیلئے 20 لاکھ روپئے کی امداد کا پیشکش کیا۔ ویملواڑہ منڈل کے انوپورم موضع سے تعلق رکھنے والا 7 سالہ ونئے جگر کے عارضہ میں مبتلاء ہے اور اس کا آپریشن ناگزیر ہوچکا ہے۔ اس شدید علالت کا شکار لڑکے کے بارے میں مختلف افراد نے فیس بک پر اپیل کی اور یہ معاملہ کسی طرح کے ٹی آر تک پہنچا۔ سات سالہ ونئے کے والد لکشمی راجم انتہائی غریب گھرانہ سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ اپنے لڑکے کے علاج کے اخراجات کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ فیس بک پر جب یہ معاملہ پیش کیا گیا تو کئی لوگوں نے نہ صرف اس لڑکے سے ہمدردی کا اظہار کیا بلکہ بتایا جاتاہے کہ ایک لاکھ روپئے کا انتظام کیا۔ کے ٹی آر جب سرسلہ کے دورہ پر تھے تو مقامی افراد نے اس معاملہ کو ان سے رجوع کیا۔ مستاباد سرسلہ کے زیڈ پی ٹی سی رکن شرد راؤ نے ونئے کے افراد خاندان کے ذریعہ کے ٹی آر کو صورتحال سے واقف کرایا۔ کے ٹی راما راؤ نے آج اس سلسلہ میں فوری انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں پیش کی گئی یادداشت پر فوری متاثرہ خاندان سے فون پر بات کی۔ انہوں نے ونئے کے آپریشن کے اخراجات حکومت کی جانب سے برداشت کرنے کا بھروسہ دلایا۔ کے ٹی آر نے نظام انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس کے ڈائرکٹر سے بات چیت کی اور والدین کو انہیں پیر کے دن حیدرآباد کے نمس منتقل کرنے کا مشورہ دیا۔ کے ٹی آر نے مستاباد کے زیڈ پی ٹی سی رکن شرد راؤ کو یہ ذمہ داری کہ وہ ونئے کو نمس منتقل کریں۔ ونئے کے افراد خاندان نے کے ٹی آر کے اس جذبہ انسانی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے بچہ کی دوبارہ زندگی کا یقین دکھائی دے رہا ہے۔ انہوں نے آپریشن کی کامیابی کیلئے دعا کی۔ والدین نے بتایا کہ وہ کے ٹی آر کے فون کال پر حیرت میں پڑ گئے۔ ونئے کے والدین نے ویملواڑہ کے رکن اسمبلی رمیش بابو اور کے ٹی آر سے اظہار تشکر کیا۔ ونئے اور ان کے ارکان خاندان نے کے ٹی آر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی معنوں میں انہوں نے مصیبت کی گھڑی میں مدد کا پیشکش کیا ہے۔ غریبوں کی مصیبت کو اپنی مصیبت تصور کرتے ہوئے فیس بک پر کی گئی پوسٹنگ پر کارروائی کی۔ کے ٹی آر کے اس اقدام کی فیس بک پر کافی ستائش کی جارہی ہے اور عوام کامیاب آپریشن کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے نہ صرف آپریشن کیلئے 20 لاکھ بلکہ اس سے زائد بھی ہونے پر حکومت کی جانب سے ادا کرنے کا تیقن دیا۔ اس طرح ونئے کے آپریشن میں حائل معاشی دشواری ختم ہوچکی ہے۔ اس مرحلہ پر ونئے اور اس کے افراد خاندان کی خوشی کا اندازہ نہیں کیا جاسکتا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT